شامی فوج کے آپریشن میں درجنوں دہشت گرد ہلاک
شامی فوج نے دمشق کے نواحی علاقے میں جاری فوجی آپریشن کے دوران درجنوں دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔
خبروں کے مطابق نواحی دمشق میں جاری فوجی آپریشن کے دوران کم سے کم بیس دہشت گرد مارے گئے اور ان کے متعدد ٹھکانوں کو بھی تباہ کردیا گیا۔
شامی فوج نے ایک اور کارروائی کے دوران القلمون کے علاقے میں، چھبیس دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔ اس کارروائی میں کم سے کم چالیس دہشت گرد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
نواحی دمشق میں واقع سینا کی پہاڑیوں میں قائم دہشت گردوں کے ٹھکانے بھی شامی فوج کی گولہ باری کی زد میں رہے جس کے نتیجے میں درجنوں دہشت گرد ہلاک اور ان کا اسلحہ و گولہ بارود کا ایک ذخیرہ بھی تباہ ہوگیا۔
شامی فوج کے جوانوں نے مشرقی حمص پر تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
ایک اور کارروائی کے دوران شامی فوج نے صوبہ حماہ کے نواح میں واقع عقارب ڈیم کے قریب حملہ کرکے داعش کے ہتھیاروں کے ایک خفیہ ڈپو کو تباہ کر دیا ہے۔