ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے نئے سیکریٹری کا تقرر
صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے محمد باقر ذوالقدر کو رہبرانقلاب اسلامی کی موافقت سے ملک کی اعلی قومی سلامتی کونسل کا نیا سیکریٹری منصوب کردیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: آج بروز منگل 24 مارچ کو صدر مملکت ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے، رہبر انقلاب اسلامی کی موافقت سے، شہید ڈاکٹرعلی لاریجانی کی جگہ، ملک کی اعلی قومی سلامتی کونسل کا سیکریٹری محمد باقر ذوالقدرکو منصوب کردیا۔
شہید ڈاکٹر علی لاریجانی کی جگہ ملک کی قومی سلامتی کا مورچہ سنبھالنے والے محمد باقر ذوالقدر 1954 میں صوبہ فارس کے شہر فسا میں پیدا ہوئے۔
وہ ستمبر 2021 میں شہید رہبر انقلاب اسلامی کی موافقت سے، تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سربراہ آیت اللہ آملی لاریجانی کے حکم سے محسن رضائی کی جگہ، کونسل کے سیکریٹری کے عہدے پر فائز ہوئے اور تا حال اس عہدے پر باقی ہیں۔
مقدس دفاع کے بعد محمد باقرذوالقدر نے 8 برس تک سپاہ کی مشترکہ کمیٹی کی سربراہی سنبھالی اوراس کے بعد 8 برس تک سپاہ پاسداران انقلاب کے ڈپٹی کمانڈر رہے۔
وہ اسی طرح 2012 سے 2020 تک عدلیہ کے سربراہ کے اسٹریٹیجک معاون کے عہدے پررہے اور اس سے پہلے2010 سے 2012 تک عدلیہ میں ہی انسداد جرائم اور اجتماعی سیکورٹی کے شعبے کے انچارج تھے۔
وہ ایران کی نویں حکومت میں وزارت داخلہ میں بھی اہم عہدے پر رہ چکے ہیں۔
ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے نئے سیکریٹری محمد باقر ذوالقدر اسلامی انقلاب سے پہلے ہی یونیورسٹی آف تہران سے اکنامکس میں گریجویشن کی ڈگری اورگورنمنٹ مینجمنٹ میں ماسٹرس کی ڈگری حاصل کرچکے تھے لیکن اسٹریٹیجک مینجمنٹ میں ڈاکٹریٹ ان کی آخری ڈگری ہے جو انھوں نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سے حاصل کی ہے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel