ترکی اب بھی دہشت گردوں کی حمایت کر رہا ہے: شام
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i236824-ترکی_اب_بھی_دہشت_گردوں_کی_حمایت_کر_رہا_ہے_شام
شامی وزیر اطلاعات کے مشیر نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ ترکی ، شام میں موجود دہشت گردوں کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے-
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jul ۱۵, ۲۰۱۶ ۰۹:۲۰ Asia/Tehran
  • ترکی اب بھی دہشت گردوں کی حمایت کر رہا ہے: شام

شامی وزیر اطلاعات کے مشیر نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ ترکی ، شام میں موجود دہشت گردوں کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے-

شام کے وزیر اطلاعات کے مشیر علی عبداللہ الاحمد نے ایک انٹرویو میں شام کے حوالے سے ترکی کے موقف کے بارے میں کہا کہ شام کے ساتھ تعلقات پھر سے استوار کرنے کے سلسلے میں ترک حکام کے بیانات کا مقصد یہ نہیں ہے کہ ترکی نے دہشت گردوں کو اسلحہ اور فوجی ساز و سامان دینا ترک کر دیا ہے بلکہ انقرہ کی جانب سے دہشت گردوں کی حمایت کا سلسلہ بدستور جاری ہے-

علی عبداللہ الاحمد نے مزید کہا کہ انقرہ کے حکام کے بیانات میں تبدیلی آنے کا مطلب یہ ہرگز نہیں ہے کہ ترکی نے اپنا اتحاد توڑ دیا ہے بلکہ وہ بدستور دوسروں سے وابستہ اور امریکہ کا اتحادی بنا رہے گا-

شام کے وزیر اطلاعات کے مشیر نے تاکید کے ساتھ کہا کہ شام میں دہشت گردوں کے خلاف جنگ علاقائی اور بین الاقوامی جنگ ہے اور شام کی حکومت، قوم اور مسلح افواج دہشت گردوں کے خلاف اس وقت تک لڑتی رہیں گی جب تک دہشت گردوں کا خاتمہ نہیں ہوجاتا-

شام کو مارچ دوہزار گیارہ سے اب تک بیرونی دہشت گردوں کے اس ملک میں داخل ہونے سے پیدا ہونے والے بحران کا سامنا ہے-