دہشت گردوں کے خلاف شامی فوج کی کارروائیاں
Jul ۱۵, ۲۰۱۶ ۱۵:۴۷ Asia/Tehran
شام کے شمالی شہر حلب پر دہشت گردوں کے مارٹر اور راکٹوں کے حملے بدستور جاری ہیں۔
حلب شہر کے پولیس ہیڈ کوارٹر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حلب کے رہائشی علاقوں پر دہشت گردوں کے حملے جاری ہیں اور تازہ ترین حملے میں کم سے کم دو عام شہری جاں بحق اور چار دیگر زخمی ہو گئے ہیں-
دوسری جانب شامی فوج نے عوامی رضاکار فورس کی مدد سے شام کے جنوبی شہر سویدا کے شمال مشرقی قصبوں کی جانب مسلح دہشت گردوں کی پیشقدمی کی کوشش ناکام بنا دی ہے-
اس درمیان شامی فوج نے ریف دمشق ، درعا اور قنیطرہ میں دہشت گرد گروہوں کے ٹھکانوں پر زبردست حملے کیے ہیں- ان حملوں کے دوران شامی فوج نے غوطہ شرقی میں الصغیرہ گاؤں کی جانب خاصی پیشقدمی کی ہے جبکہ جنوبی شام کے شہر درعا کے بھی ایک علاقے میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر شدید حملہ کیاہے۔