شامی فوج کی کارروائی، دہشت گردوں کا بھاری جانی اور مالی نقصان
شام کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے ملک کے جنوب مشرقی علاقوں میں دہشت گردوں کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچایا ہے۔
دمشق میں عسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ مشرقی صوبے دیرالزور کے علاقے سویدا میں شامی فوج اور دہشت گردوں کے درمیان گھمسان کی لڑائی میں دہشت گردوں کو زبردست جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
اس لڑائی میں شمال مشرقی سویدا میں دہشت گردوں کا نگرانی اور گشت کا مرکز تباہ ہو گیا ہے جبکہ دہشت گردوں کے کئی سرغنے ہلاک ہو گئے ہیں۔
مشرقی سویدا میں بھی شامی فوج نے داعش کے دہشت گردوں کے اجتماع کو نشانہ بنایا ہے۔ اس کارروائی میں داعش کی متعدد بکتر بند گاڑیاں تباہ ہو گئیں اور درجنوں دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
شامی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے جنوب مشرقی دیرالزور میں داعش کے اسحلہ کے ایک ذخیرے کو بھی تباہ کر دیا ہے۔
صوبہ درعا سے ملنے والی خبروں کے مطابق شامی فوج کے جوانوں نے حمادین شہر میں جبہت النصرہ کے دہشت گردوں کے اہم ٹھکانے کا پتہ لگانے کے بعد اسے بھی تباہ کر دیا ہے جس کے دوران متعدد دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
ایک اور اطلاع کے مطابق سویدا کے نواحی علاقے پر دہشت گردوں کے راکٹ حملوں میں کم سے کم دوعام شہری جاں بحق ہو گئے۔
شام کو مارچ دو ہزار گیارہ سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے حملوں کا سامنا ہے جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔