آل سعود اور اقوام متحدہ پر انصار اللہ کے ترجمان کی تنقید
یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے صنعا کے وفد سے متعلق سعودی حکام کے اقدامات کو غیر دانشمندانہ قرار دیا ہے۔
یمن کے المسیرہ ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق محمد عبدالسلام نے ہفتے کے دن آل سعود کو اپنی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سعودی حکام نے ایک بار پھر پرواز کی ممانعت سے متعلق قوانین میں بہتّر گھنٹے کی توسیع کر دی ہے اور صنعا کے وفد کو یمن واپس نہیں جانے دیا۔
محمد عبدالسلام نے یہ بات زور دے کر کہی کہ آل سعود کے یہ اقدامات ایسی حالت میں انجام پا رہے ہیں کہ جب سعودی عرب یمن کے مختلف علاقوں منجملہ صعدہ میں یمن لوگوں کا قتل عام کر رہا ہے۔
یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کا ادارہ سعودی عرب کے مظالم پر خاموشی اختیار کرکے یمن کے محاصرے اور المیئے کی مدت طویل ہونے سمیت سعودی عرب کے مظالم میں برابر کا شریک ہے۔
محمد عبدالسلام نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ادارے نے وعدہ کیا تھا کہ وہ یمن کے قومی وفد کے سفر کو محفوظ بنائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جو ادارہ یمن کے بچوں کی حمایت نہیں کرتا وہ اگر اپنے دوسرے وعدوں کی خلاف ورزی کرتا ہے تو یہ کوئی تعجب کی بات نہیں ہے۔
واضح رہے کہ سعودی غاصبوں نے یمن کے بعض اراکین پارلیمنٹ کی فلائٹ کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کے ذریعے یمنی پارلیمنٹ کے پہلے اجلاس کے انعقاد کی روک تھام کی کوشش کی لیکن سعودی عرب کی تمام تر کوشش کے باوجود یہ اجلاس بلایا گیا۔