Aug ۲۳, ۲۰۱۶ ۱۸:۳۲ Asia/Tehran
  • عراق: وزیر دفاع کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک ناکام

عراقی پارلمینٹ میں وزیر دفاع کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک ناکام ہو گئی۔

اطلاعات کے مطابق منگل کے روز پارلیمنٹ کے کھلے اجلاس میں عراق کے وزیر دفاع "خالد العبیدی" کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کی گئی تاہم کورم پورا نہ ہونے کی بناء پر یہ تحریک ناکام ہو گئی۔ عراقی پارلیمنٹ نے رواں ماہ کی پہلی تاریخ کو وزیر دفاع خالد العبیدی کو وضاحت کے لئے پارلیمنٹ میں طلب کیا تھا لیکن اراکین پارلیمنٹ ان کے جواب سے مطمئن نہیں ہو‎سکے تھے جس کے بعد طے پایا تھا کہ پیر تئیس اگست کو ان کے خلاف پارلیمنٹ میں عدم اعتماد کی تحریک پیش کردی جائے گی تاہم کورم پورا نہ ہونے کے باعث ان کے خلاف تحریک کو ایجنڈے سے خارج کر دیا گیا۔ دوسری جانب پارلیمنٹ میں قانونی امور سے متعلق کمیشن کے سربراہ "محسن السعدون" نے منگل کے روز اخباری نمائندوں سے گفتگو میں بتایا کہ عام معافی کے قانون سے متعلق رائے شماری جمعرات کے روز ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ عام معافی کے قانون کا اطلاق صرف عراقی شہریوں پر ہوتا ہے اور دیگر ملکوں کے عرب یا غیر عرب شہری اس کے زمرے میں نہیں آتے۔ عراقی پارلیمنٹ نے عراق کے سابق حکمراں جماعت سے وابستہ "قیادتی کونسل" کے تمام قوانین کو کالعدم قرار دے کر بعث پارٹی کی باقیات کو عراق کے سیاسی منظر نامے سے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے حذف کرنے کی راہ ہموار کردی ہے۔