Sep ۰۹, ۲۰۱۶ ۱۶:۱۴ Asia/Tehran
  • بحرین میں آیت اللہ شیح عیسی قاسم کے گھر کے سامنے دھرنا جاری ہے

بحرین کے بزرگ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی رہائش گاہ کے باہر عوام کا دھرنا جاری ہے۔

صوت المنامہ کی رپورٹ کے مطابق بحرین میں عوام نے جمعرات کی رات فرزند رسول حضرت امام محمد باقر علیہ السلام کی شب شہادت کو بھی آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی رہائش گاہ کے باہر دھرنا جاری رکھا۔ واضح رہے کہ آل خلیفہ کی شاہی حکومت نے بحرینی عوام کے مذہبی رہنما آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت سلب کرلی ہے جس پر احتجاج کرتے ہوئے بحرینی عوام دھرنا دے رہے ہیں۔

بحرین سے ایک اور رپورٹ کے مطابق آل خلیفہ کی عدالت نے علماء بحرین کی مجلس عاملہ کے رکن شیخ فاضل الزاکی اور حوزہ علمیہ امام باقر (ع ) کے سربراہ شیخ محمد الشہابی کے مقدمات کی سماعت اکیس ستمبر تک ملتوی کردی ہے۔ آل خلیفہ کی عدالت نے ان دو شیعہ علماء کو رہا کرنے کے لئے کسی بھی طرح کی ضمانت قبول کرنے سے انکار کردیا ہے۔ ان علماء کو، دیگر بہت سے علماء کے ساتھ الدراز میں آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے پاس دھرنا دینے کے جرم میں گرفتار کیا گیا ہے اور ان پر مقدمہ چلایا جارہا ہے ۔

واضح رہے کہ بحرینی قوم نے دوہزار گیارہ سے آل خلیفہ کے خلاف اپنی پرامن تحریک شروع کی تھی۔ بحرین کے عوام سیاسی اصلاحات، آزادی اور منتخب حکومت کے برسر اقتدار آنے کے خواہاں ہیں۔