حزب اللہ کی جانب سے شام میں جنگ بندی کی حمایت
حزب اللہ لبنان نے کہا ہے کہ وہ شام میں جنگ بندی کی حمایت کرتی ہے
حزب اللہ لبنان نے سنیچر کو شام میں جنگ بندی کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حمایت کے باوجود حزب اللہ خود کو القاعدہ سے وابستہ گروہوں اور داعش دہشت گرد گروہ کے خلاف جنگ جاری رکھنے کا پابند سمجھتی ہے- حزب اللہ لبنان نے اعلان کیا ہے کہ شام میں جنگ بندی ایک موقع ہے کہ جس سے سب کو شامی عوام کے مفادات کو آگے بڑھانے کے لئے فائدہ اٹھانا چاہئے- روس اور امریکہ کی ثالثی سے حاصل ہونے والے جنگ بندی معاہدے سے کہ جس پر شامی حکومت بھی راضی ہے شہرحلب میں انسانی بنیادوں پرجنگ بندی ہو جائے گی- اس معاہدے پر پیر کی صبح سے عمل درآمد ہوگا- روس اور امریکہ کے وزرائے خارجہ نے شام میں جنگ بندی پر اتفاق کی خبر دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت شام کو اس سمجھوتے کی اطلاع ہے اور وہ اس پر عمل درآمد کے لئے تیار ہے-