Sep ۱۲, ۲۰۱۶ ۱۸:۴۹ Asia/Tehran
  • تحریک انتفاضہ قدس جاری رہے گی: حماس

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے اسرائیل کے خلاف تحریک انتفاضہ جاری رکھے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

حماس کے سینیئر رکن خلیل الحیہ نے غزہ میں نماز عید الضحی کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک فلسطین پر اسرائیل کا قبضہ اور فلسطینیوں کے خلاف اس کے مجرمانہ اقدامات بند نہیں ہوجاتے اس وقت تک تحریک انتفاضہ بھی جاری رہے گی۔

انہوں نے صیہونی حکومت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف فلسطینیوں کے درمیان اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انتفاضہ، فلسطینیوں کے درمیان اتحاد اور اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کے خاتمے کا واحد راستہ ہے۔

فلسطینی مسلمانوں نے مسجد الاقصی پر صیہونیوں کے پے در پے حملوں اور اس مقدس مقام کی تقسیم کی سازش کے خلاف گذشتہ برس اکتوبر سے تحریک انتفاضہ قدس شروع کررکھی ہے۔تحریک انتفاضہ قدس کے آغاز سے اب تک دوسو تیس سے زائد فلسطینی، صیہونی فوجیوں کے ہاتھوں شہید اور ہزاروں زخمی ہوئے ہیں جبکہ بڑی تعداد میں فلسطینی نوجوانوں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے-

حماس کے سینیئر رکن خلیل الحیہ نے فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات کو لاحاصل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی تنظیم لاحاصل مذاکرات پر یقین نہیں رکھتی۔