امریکا خود سب سے بڑا دہشت گرد ہے : تحریک حماس
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے رہنما نے کہا ہے کہ امریکا سب سے بڑا دہشت گرد ہے
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے رہنما فتحی حماد نے اپنا نام امریکی وزارت خارجہ کے ذریعے نام نہاد بین الاقوامی دہشت گرد عناصر کی فہرست میں شامل کئے جانے کے اقدام کے جواب میں کہا کہ مجھے امریکا کا کوئی خوف نہیں ہے اور امریکا خود سب سے بڑا دہشت گرد ہے - انہوں نے کہا کہ امریکا کے اس قسم کے اقدامات سے مجھے کوئی خوف نہیں ہے اور ہم فلسطینی عوام کی خدمت اور ان کے حقوق کی بازیابی کے لئے اپنی جد وجہد جاری رکھیں گے - حماس کے رہنما فتحی حماد نے کہا کہ امریکا نے یہ اقدام ایک ایسے وقت کیا ہے جب غرب اردن اور غزہ میں صیہونی حکومت کے حملے تیز ہوگئے ہیں اور واشنگٹن نے صیہونی حکومت کے لئے اپنی مالی اور اسلحہ جاتی حمایت بڑھا دی ہے - ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے میرا نام ایک ایسے وقت نام نہاد بین الاقوامی دہشت گردی کی فہرست میں شامل کیا ہے جب خود امریکا صیہونی دہشت گردی کا سب سے بڑا حامی ہے - تحریک حماس نے بھی امریکا کے اس اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے- حماس کے ترجمان سامی ابوزہری نے کہا کہ امریکا ہمیشہ صیہونی حکومت کے جرائم پر آنکھیں بند کئے رہتا ہے اوراس کے تازہ ترین اقدام نے صیہونی حکومت کے لئے واشنگٹن کی کھلی حمایت کو ایک بار پھر ثابت کردیا ہے-