Sep ۱۸, ۲۰۱۶ ۱۷:۱۶ Asia/Tehran
  • ناوابستہ تحریک کے بعض ممالک پر شام کی تنقید

شام کی حکومت نے کہا ہے کہ ناوابستہ تحریک کے بعض ممالک عراق اور شام میں دہشت گردی کی حمایت کر رہے ہیں

اقوام متحدہ میں شام کے مستقل مندوب بشار جعفری نے وینزوئیلا میں ناوابستہ تحریک کے سربراہی اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آئندہ چاربرسوں کے دوران جب تک وینزوئیلا ناوابستہ تحریک کا صدر رہے گا اس تحریک سے کافی امیدیں وابستہ ہیں - ان کا کہنا تھا کہ اس تحریک کے بعض رکن ممالک شام اور عراق میں دہشت گردوں کی مالی اور اسلحہ جاتی حمایت کر رہے ہیں اور ان دونوں ملکوں میں دہشت گرد عناصر بھیج رہے ہیں - ان کا کہنا تھا کہ اس تحریک میں ہمیں بڑے چیلنج کا سامنا ہے کیونکہ بعض رکن ملکوں کے قول و فعل میں کھلا تضاد پایا جاتا ہے - شام کے نمائندے نےشام کے بحران کے بارے میں مغرب کے منفی اقدامات کے بارے میں کہا کہ فرانس اور برطانیہ  اپنے دہشت گردوں کو شام بھیجتے ہیں اور دہشت گردی کو وہ ایک سیاسی حربے کے طور پر استعمال کرتے ہیں - انہوں نے شام میں امریکا کے بھی منفی رویّے پر تنقید کرتے ہوئے  خبردار کیا کہ جب تک امریکا دہشت گردوں کو اعتدال پسند قرار دے کر ان کی حمایت کرتا رہے گا اس وقت تک تک شام کے بحران کے حل کے لئے کچھ بھی  نہیں ہوسکے گا- شام کے نمائندے نے ناوابستہ تحریک کے سربراہی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس تحریک کو بین الاقوامی فیصلوں میں ایک موثر قوت کے طور پر عمل کرنا چاہئے -