Sep ۳۰, ۲۰۱۶ ۱۸:۰۱ Asia/Tehran
  • بحرین: آل خلیفہ حکومت کی جانب سے اسرائیل کو تعزیت، عوام کا شدید احتجاج

بحرینی عوام نے اسرائیل کے سابق صدر شمعون پریز کی موت پر آل خلیفہ حکومت کی جانب سے ہمدردی کے اظہار اور اس کی آخری رسومات میں بحرینی شاہ کے نمائندے کی شرکت پر مبنی حکومتی اقدامات پر شدید احتجاج کیا ہے۔

بحرین کے اللولوء ٹیلی ویژن چینل نے خبر دی ہے کہ بحرینی عوام نے الدراز کے علاقے میں ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کر کے آل خلیفہ حکومت کے ذریعے شمعون پریز کی موت پر تعزیتی بیان دینے اور اس کی آخری رسومات میں شاہ بحرین کے نمائندے کی شرکت کی مذمت کی اور صیہونی حکومت کا پرچم نذر آتش کیا- بحرینی شہریوں نے الدراز میں ملک کی مرکزی نماز جمعہ کی ادائیگی پر پابندی کی بھی مذمت کی- اسرائیل سے آل خلیفہ حکومت کی جانب سے اظہار ہمدردی کے خلاف بحرینی عوام نے یہ احتجاجی مظاہرہ ایک ایسے وقت کیا ہے جب بحرینی وزیر خارجہ خالد بن احمد آل خلیفہ نے جمعرات کو قانا کیمپ کے قاتل شمعون پریز کی موت پر بحرینی حکومت کی جانب سے تعزیت پیش کی تھی- واضح رہے کہ شمعون پریز نے اپنے دور حکومت میں ہزاروں فلسطینیوں کا قتل عام کیا ہے جس میں قانا کیمپ میں فلسطینیوں کا قتل عام کا واقعہ بھی شامل ہے- شمعون پریز کے دور صدارت میں صیہونی حکومت نے غزہ پر دوبارہ وسیع جارحیت کی جس میں چار ہزار فلسطینی شہید ہو گئے تھے- فلسطینیوں کے قاتل شمعون پریز کی موت پر بحرینی حکومت کے وزیر خارجہ نے اسے پیس میں قرار دیا ہے-