اقوام متحدہ سمیت مختلف ملکوں کی جانب سے اسلامی انقلاب کی سینتالیسویں سالگرہ پر مبارکباد
اقوام متحدہ اور دنیا کے مختلف ملکوں نے اسلامی انقلاب کی سینتالیسویں سالگرہ کی مناسبت سے ایرانی حکام کو تہنیتی پیغامات ارسال کئے ہیں۔
سحرنیوز/دنیا: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان کو ایک خط بھیج کر انہیں اور ایرانی عوام کو انقلاب اسلامی کی کامیابی کی سالگرہ پر مبارکباد پیش کی۔ یو این سیکرٹری جنرل اینٹونیو گوتیرس نے اپنے مراسلے میں ممالک کے قومی دنوں کو بین الاقوامی برادری میں اس ملک کے کردار و شراکت اور اس کے نظریات پر غور کرنے کا ایک اہم موقع قرار دیا۔
پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور وزارت خارجہ نے بھی الگ الگ پیغامات میں ایران کے اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ اور قومی دن پر ایران کی قیادت، حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کی اور ایرانی قوم کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel
ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بھی ایک ایکس پوسٹ میں وزیر خارجہ ایران کے ساتھ اپنی ایک تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ اسلامی انقلاب کی سالگرہ کے موقع پر وزیر خارجہ عراقچی، ایران کی حکومت اور عوام کو مبارکباد۔
قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان کو ایک پیغام بھیج کر اسلامی انقلاب کی کامیابی اور قومی دن کی آمد پر مبارکباد پیش کی۔
آذربائیجان کے صدر الہام علی اف نے صدر مسعود پزشکیان کے نام اپنے خصوصی تہنیتی پیغام میں کہا کہ ہمارے ممالک اور قوموں کے درمیان تعلقات مشترکہ مذہبی اور ثقافتی جڑوں اور دوستانہ ہمسائیگی پر استوار ہیں اور ان کی ترقی آذربائیجان کے لیے خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔