Oct ۳۱, ۲۰۱۶ ۱۶:۰۳ Asia/Tehran
  • بحرین: شیعہ عالم دین گرفتار، ان کا جرم آیت اللہ عیسی قاسم کی حمایت

آل خلیفہ حکومت بحرینی علما کے ساتھ بدسلوکی کی پالیسی جاری رکھے ہوئے ہے۔

لبنان کے خبررساں ادارے العھد کی رپورٹ کے مطابق، آل خلیفہ حکومت نے اس بار سینیئر شیعہ عالم دین ہانی البنا کو گرفتار کر لیا ہے۔ آل خلیفہ کے کارندوں نے شیخ ہانی البنا کو اس بہانے گرفتار کیا ہے کہ انہوں نے آیت اللہ عیسی قاسم کی حمایت میں ہونے والے احتجاجی اجتماع میں حصہ لیا تھا جو الدراز علاقے میں کیا گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق انہیں پیر کے روز آل خلیفہ کی نمائشی عدالت میں پیش ہونے پر مجبور کیا گیا۔

واضح رہے کہ آل خلیفہ کی شاہی حکومت، پرامن عوامی احتجاج کو روکنے اور بحرینی عوام کا حوصلہ پست کرنے کے لئے شہریت منسوخ کرنے، علما کی گرفتاری اور طویل مدت قید کا حربہ استعمال کر رہی ہے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ آل خلیفہ کی حکومت نے گذشتہ مہینوں میں بحرین کے بزرگ عالم دین اور مرجع تقلید آیت اللہ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کر دی تھی اور اس حرکت پر احتجاج کرنے والے مظاہرین اور علما کو بھی گرفتار کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے تاہم بحرین کے عوام نے تمام تر دباؤ کے باوجود استقامت جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔