ایران کے وزیر خارجہ کی حزب اللہ کے سربراہ اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے بیروت میں حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ، اسپیکر نبی بری اور نئے وزیراعظم سعد حریری سے الگ الگ ملاقات اور گفتگو کی ہے۔
وزیر محمد جواد ظریف نے جو لبنان میں طویل سیاسی تعطل کے خاتمے کے بعد بیروت گئے ہیں، حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ سے ملاقات کی اور خطے کی تازہ ترین صورت حال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔اس ملاقات میں سید حسن نصراللہ نے لبنان میں سیاسی تعطل کے خاتمے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے کردار کو سراہا۔ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے سیاسی تعطل کے خاتمے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ لبنان کے سیاسی دھڑوں کے درمیان اتفاق رائے انتہائی خوش آئند ہے۔ایران کے وزیر خارجہ نے لبنان کے اسپیکر نبی بری کے ساتھ ملاقات میں تہران اور بیروت کے درمیان سیاسی اور پارلیمانی تعلقات کے فروغ پر زور دیا۔ وزیر خارجہ نے لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے بنیادی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ نئی کابینہ کی تشکیل کے بعد ایران اور لبنان کے تعلقات میں مزید فروغ آئے گا۔ لبنان کے اسپیکر نبی بری نے اس موقع پر کہا کہ ان کا ملک اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں علاقائی استحکام اور خاص طور سے بحران شام کے حل کے سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی کوششوں کی بھی قدر دانی کی۔اس سے قبل وزیر خارجہ محمدجواد ظریف نے لبنان کے نئے وزیر اعظم سعد حریری سے ملاقات کی اور تکفیری اور اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف مقابلے کی ضرورت پر زور دیا۔اس ملاقات میں محمد جواد ظریف اور سعد حریری نے خطے کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے سعد حریری کو لبنان کا وزیراعظم مقرر کیے جانے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ لبنان کے سیاسی دھڑوں نے منطق اور دانشمندی کے ذریعے اندرونی مشکلات پر غلبہ پا لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ، لبنان کی نئی حکومت کے ساتھ بھر پور تعاون کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جو سیاسی خطرات ہم سب کے لیے خطرہ بنے ہوئے ہیں ان میں ایک جانب اسرائیلی دہشت گردی ہے اور دوسری جانب تکفیری دہشت گردی ہے۔ لبنان کے نئے وزیراعظم سعد حریری نے اس ملاقات میں ایران کو خطے اورعالم اسلام کا اہم ترین ملک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کے مقابلے میں اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ لبنانی عوام کا ساتھ دیا ہے اور تہران اور بیروت صیہونیت مخالف محاذ پر ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔