Nov ۱۰, ۲۰۱۶ ۱۶:۰۹ Asia/Tehran
  • وفاقی کابینہ فوری طور پر تشکیل دی جائے، حزب اللہ اور المستقبل کا مشترکہ اعلان

لبنان کی حزب اللہ اور المستقبل تحریک نے چھتیسویں مشترکہ نشست کے بعد، ایک بیان جاری کیا ہے جس میں نئی حکومت کی فوری تشکیل پر زور دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، بدھ کے روز حزب اللہ اور المستقبل تحریک کے وفود نے اپنی مشترکہ نشست میں صدر کے انتخاب کے بعد کی نئی صورتحال کا جائزہ لیا اور لبنان کے اندرونی حالات پر اس اقدام کے مثبت اثرات کے بارے میں گفتگو کی۔ لبنان سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق، گفتگو کے دوران اس مسئلے پر بھی زور دیا گیا کہ نئی کابینہ کی تشکیل کے لئے موجودہ سیاسی خوشگوار ماحول کا بھرپور فائدہ اٹھانا چاہئے۔ واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے حزب اللہ کے اتحادی میشل عون نے پارلیمنٹ سے تیراسی ووٹ حاصل کرکے صدارت کا عہدہ سنبھال لیا تھا۔ میشل عون لبنان کے تیرہویں صدر ہیں۔ میشل عون نے المستقبل تحریک کے سربراہ سعد حریری کو نئی کابینہ کی تشکیل کی ذمہ داری سونپ دی ہے۔ واضح رہے کہ لبنان کی نئی کابینہ میں تیس وزیروں کا انتخاب کیا جائے گا۔ سمجھوتے کے مطابق، لبنان کے یوم آزادی سے قبل کابینہ کے تمام ارکان کا انتخاب کرلیا جا‏ئے گا۔ نئی وفاقی حکومت میں تمام لبنانی سیاسی دھڑوں کے نمائندے موجود ہوں گے۔