Nov ۱۱, ۲۰۱۶ ۱۵:۴۳ Asia/Tehran
  • بحرین میں برطانیہ کے پہلے بحری فوجی اڈے کا افتتاح

برطانیہ نے بحرین میں اپنے بحری فوجی اڈے کا باقاعدہ افتتاح کر دیا-

 پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے شہزادے چارلز نے اس میرین فوجی اڈے کا افتتاح ، جمعرات کو بحرین کے دارالحکومت منامہ میں دو طرفہ تعلقات کے قیام کی سالگرہ کے موقع پر کیا -

گذشتہ چالیس برسوں کے دوران خلیج فارس کے علاقے میں برطانیہ کا یہ پہلا فوجی ہیڈکوارٹر شمار ہوتا ہے -لندن چاہتا ہے کہ بحرین میں اپنے اس بحری فوجی اڈے کو ، جنوبی برطانیہ کے پورٹسماؤتھ بیس کے بعد، دوسرے بڑے آپریشن مرکز میں تبدیل کردے تاکہ برطانیہ کے جنگی بحری جہازوں کو ایندھن بھرنے یا تعمیر کے لئے برطانیہ واپس جانا نہ پڑے-

اس بحری فوجی اڈے میں تقریبا چھ سو فوجی ہوں گے جن کا کام خلیج فارس میں آمد و رفت کرنے والے جہازوں کی مدد اور نگرانی کرنا ہوگا- بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ نے گذشتہ مہینے اپنے دورہ لندن میں ملکۂ برطاینہ الیزابیتھ دوم ، برطانوی وزیر اعظم ٹریسا مے اور دیگر برطانوی حکام سے ملاقات کی تھی اور دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کا مطالبہ کیا تھا-

برطانیہ ایسے میں بحرین کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنے کی بات کر رہا ہے کہ آل خلیفہ حکومت گذشتہ چند برسوں سے عوامی تحریک کی سرکوبی کے سبب ، عالمی دباؤ میں ہے- بحرین میں تقریبا پانچ برسوں سے آل خلیفہ حکومت کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور اس وقت سے اب تک برطانیہ نے ساڑھے پانچ کروڑ ڈالر کے ہتھیار آل خلیفہ حکومت کو فروخت کئے ہیں-