حلب میں شامی فوج کی پیشقدمی
شام کی فوج نے حلب میں ایک کامیاب آپریشن میں شہر کے ایک حصے کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا
العالم کی رپورٹ کے مطابق شامی فوج نے حلب کے مضافات میں عسکری اہمیت کے حامل سوق الجبس اور بعیدین علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے جبکہ مغربی حلب میں الراشدین کے علاقے میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پرگولہ باری کی ہے - ان کارروائیوں میں دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا- شامی فوج نے مشرقی حلب کے الزھورعلاقے کے ٹیلوں کو بھی دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے- شامی فوج نے حلب کے مغربی مضافات میں، ارض الجبس نامی علاقے کو بھی جیش الفتح نامی دہشت گرد گروہ کے قبضے سے آزاد کرا لیا- حلب کے مضافات میں شام اور اس کے اتحادی فوجیوں کی پیشقدمی کے ساتھ ہی حلب کے مشرقی علاقوں کے سیکڑوں شہریوں نے مظاہرہ کرکے ان علاقوں سے دہشت گردوں اور مسلح گروہوں کے انخلا کا مطالبہ کیا- سنیچر کو دہشت گردوں نے ان پناء گزینوں پر فائرنگ کرکے کئی افراد کو قتل اور زخمی کردیا تھا جو مشرقی حلب سے نکلنے کی کوشش کررہے تھے- مرنے والوں میں بڑی تعداد ، خواتین اور بچوں کی تھی - شامی فوج کے محاصرے میں ہونے کے باوجود دہشت گرد گروہ ، مشرقی حلب کے محلوں کو ہر روز میزائلوں اور مارٹر گولوں سے نشانہ بناتے ہیں اور شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کے لئے حلب سے باہر نہیں نکلنے دے رہے ہیں -