شمالی رام اللہ میں آتشزدگی، اسرائیل آگ بجھانے میں ناکام
صیہونی حکومت، مرکزی اور شمالی مقبوضہ فلسطین کے علاقے میں وسیع پیمانے پر لگی آگ پر قابو پانے میں ناکام ہو گئی ہے اور اسی دوران رام اللہ میں آتشرگی کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔
خبروں کے مطابق، شمالی رام اللہ کی صیہونی کالونی حلمیش میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں علاقے میں بجلی کے نظام کو نقصان پہنچا ہے اور کئی علاقوں کی بجلی منقطع ہو گئی ہے۔ آگ کے نتیجے میں حلمیش ٹاؤن میں قائم صیہونیوں کے متعدد گھر بھی تباہ ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ صیہونی حکومت ابھی حلمیش کی آگ پر قابو نہیں پاسکی تھی کہ مقبوضہ فلسطین کے شمالی علاقے الجلیل میں بھی بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی ہے۔ صیہونی حکومت کا محکمہ فائر بریگیڈ آگ پر قابو پانے میں بری طرح ناکام ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔ صیہونی حکومت نے آتشزدگی کے واقعات کو تخریب کاری قرار دیتے ہوئے بارہ فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔