ڈیورنڈ پر تقریب کا انعقاد، افغانستان کا پاکستان سے احتجاج
حکومت افغانستان نے پاکستانی فوج کی جانب سے ڈیورنڈ لائن پر زیرو پوائنٹ کے ساتھ پرچم اتارنے کی خصوصی تقریب کے حوالے سے شدید احتجاج کیا ہے۔
افغانستان کی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان کی جانب سے ڈیورنڈ لائن پر پرچم اتارنے کی خصوصی تقریب کا انعقاد غیر مناسب، اشتعال انگیز اور سابقہ دو طرفہ وعدوں کے منافی ہے۔
افغان وزارت خارجہ کے بیان میں پاکستان کو متنبہ کیا گیا ہے کہ اس طرح کی تقریبات دونوں ممالک کے درمیان تعلقات خراب کر سکتی ہیں اور ایسے اقدامات سے تناؤ میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کو خصوصی فوجی تقریبات منعقد کرنے کے بجائے دہشت گردی کے خلاف جنگ پر زیادہ توجہ دینی چاہیے۔
افغان وزارت خارجہ نے ڈیورنڈ لائن کے دوسری جانب بسنے والے شہریوں پر افغانستان کے سفر کے لیے ویزا کے حصول کے سلسلے میں ڈالے جانے والے دباؤ پر بھی احتجاج کیا۔
ڈیورنڈ لائن کا مسئلہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان متنازع ہے، پاکستان کا اصرار ہے کہ ڈیورنڈ لائن ایک بین الاقوامی سرحد ہے اور اسے امریکہ سمیت عالمی برادری نے بھی تسلیم کیا ہے، لیکن افغانستان یہ حقیقت تسلیم کرنے سے اب تک گریزاں ہے۔