حلب میں الشیخ سعید علاقے کی آزادی
شامی فوج اور عوامی رضاکاروں نے حلب کے جنوب مشرق میں واقع الشیخ سعید نامی علاقے کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق شامی فوج نے عوامی رضاکاروں کے تعاون سے جبہت النصرہ دہشت گرد گروہ سمیت متعدد دہشت گرد گروہوں کا مقابلہ کرتے ہوئے حلب کے جنوب مشرق میں واقع الشیخ سعید علاقے کو آزاد کرا لیا۔ رپورٹ کے مطابق اس علاقے پر اب شامی فوج کا مکمل کنٹرول ہے۔ ایک اور شامی ذریعے کا کہنا ہے کہ شامی فوج اور عوامی رضاکاروں نے حلب قدیمہ میں الصالحین علاقے کو بھی دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا۔ الصالحین اور الشیخ سعید، علاقوں کی آزادی کے ساتھ ہی عام شہریوں نے الصالحین میں بستان القصر، الکلاسہ، السکری الزبدیہ نامی علاقوں سے نکلنا شروع کر دیا۔ دوسری جانب روسی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ سیکڑوں کی تعداد میں مسلح مخالفین نے، کہ مشرقی حلب کے نوّے فیصد سے زائد علاقوں سے جن کا کنٹرول ختم ہو چکا ہے، شامی فوج کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے ہیں۔ پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق روس کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ اتوار کے روز حلب کے شمالی اور مشرقی علاقوں میں سات سو اٹّھائیس مسلح افراد نے شامی فوج کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے اور وہ شہر کے مغربی علاقوں میں منتقل ہو گئے۔روس کی وزارت دفاع کے بیان کے مطابق گذشتہ دو روز میں تقریبا پچاس ہزار عام شہری، حلب سے منتقل ہو گئے ہیں جنھوں نے کیمپیوں میں رہائش اختیار کرلی ہے۔ روسی فوج نے مشرقی حلب کے مضافاتی علاقوں سے بارودی سرنگوں کا صفایا کرتے ہوئے کئی اہم عمارتوں کو جن میں مساجد، اسکول اور بچوں کے تربیتی مراکز شامل ہیں، محفوظ علاقوں میں تبدیل کر دیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ مشرقی حلب کے ترانوے فیصد سے زائد علاقوں پر اس وقت شامی فوج کا کنٹرول ہے۔