بحرینی عوام کی انقلابی تحریک
بحرین کے شہر البلادالقدیم کے باشندوں نے دوکانوں اور سرکاری دفاتر پر پوسٹر اور اعلامئے چسپاں کر کے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ منگل کو ہڑتالوں اور سول نافرمانی کی تحریک میں بھرپور طریقے سے شرکت کریں -
بحرینی عوام کے انقلاب کی چھٹی سالگرہ یعنی چودہ فروری کی آمد کی مناسبت سے بحرین کے علاقے سترہ میں بھی انقلابی نوجوانوں کی بڑی تعداد نے سڑکوں پر نکل کر آل خلیفہ حکومت کے ظالمانہ اقدامات کی مذمت کی اور سڑکوں پر گاڑیوں کے ٹائر جلائے - بحرین کے شہر دمستان کے باشندوں نے بھی سڑکوں پر شاہ بحرین کا نام اور اسی طرح آل سعود اور امریکا کے نام لکھ کر ان کو پیروں تلے روندا - اس درمیان اتوار اور پیر کی درمیانی رات ہزاروں بحرینی شہریوں نے آل خلیفہ حکومت کے ظالمانہ اقدامات اور تین بحرینی شہدا کے جلوس جنازہ میں لوگوں کی شرکت پر پابندی کے خلاف زبردست مظاہرے کئے - آل خلیفہ حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے پچھلے دنوں تین بحرینی نوجوانوں کو گولی مار کر شہید کردیا تھا اور ان کے جلوس جنازہ میں لوگوں کو شرکت کی اجازت نہیں دی تھی - بحرینی شہریوں نے حکومت کے اس اقدام پر احتجاج کرتے ہوئے ان تینوں شہید نوجوانوں کے علامتی جلوس جنازہ میں حصہ لیا - بحرینی علما نے حکومت کی نگرانی میں تین بحرینی نوجوانوں کے جنازوں کو دفن کئے جانے کے اقدام کے ردعمل میں عوام سے کہا تھا کہ وہ علامتی جلوس جنازہ میں شرکت کریں - حکومت نے ان تینوں نوجوانوں کے اہل خانہ کو بھی آخری رسومات میں شرکت کی اجازت نہیں دی تھی -