Mar ۰۹, ۲۰۱۷ ۱۳:۱۱ Asia/Tehran
  • مشرقی حلب میں شامی فوج نے پوزیشنیں مستحکم بنالیں

شامی فوج نے ملک کے شمالی صوبے حلب کے مشرقی علاقوں پر اپنا کنٹرول مضبوط بناتے ہوئے مشرقی حلب کے بہت سے قصبوں اور دیہاتوں میں مکمل طور پر امن بحال کر دیا ہے۔

شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا نے ایک فوجی ذریعے کے حوالے سے خبر دی ہے کہ شامی فوج نے مشرقی حلب میں داعش کے بہت سے دہشت گردوں کو ہلاک کرتے ہوئے پینے کے پانی کے دو واٹر پمپ کو داعش کے قبضے سے واپس لے لیا اور ان علاقوں میں پوری طرح سے امن قائم کر دیا-

خبروں میں کہا گیا ہے کہ شامی فوج نے الخفسہ کے علاقوں پر بھی مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے اور اس علاقے میں سترہ کلومیٹر کے  علاقے میں پیشقدمی کرتے ہوئے آس پاس کی پہاڑیوں پر بھی اپنی پوزیشنین مستحکم بنالی ہیں-

شامی آرمی انجینئیرنگ یونٹ نے بھی ایسے دو سو ساٹھ بموں کا پتہ لگا کر انہیں ناکارہ بنا دیا، جنھیں داعش نے ان دونوں واٹرپمپوں کو دھماکے سے اڑانے کے لئے نصب کر رکھا تھا- اس درمیان  شامی فضائیہ نے ملک کے مغربی صوبے حماہ میں بھی داعش کے ٹھکانوں پر حملہ کر کے کم سے کم چالیس دہشت گردوں کو ہلاک اور زخمی کر دیا جبکہ اس حملے میں داعش کی  بہت سی فوجی گاڑیاں تباہ ہو گئیں-

دوسری جانب دمشق پولیس کے ایک ذریعے نے اعلان کیا ہے کہ الغوطہ کے القابون علاقے میں موجود دہشت گردوں نے لوگوں کے گھروں پر راکٹوں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق اور چھے افراد زخمی ہو گئے-

دیرالزور کے علاقوں القصور اور الجورہ میں بھی دہشت گردوں کے راکٹوں کے حملوں میں پچیس افراد زخمی ہو گئے جن میں کافی تعداد، بچوں کی ہے جبکہ لوگوں کے رہائشی مکانات کو بھی خاصا نقصان پہنچا-

حماہ میں بھی ایک پولیس ذریعے نے بتایا ہے کہ التاعونہ نامی دیہات میں دہشت گردوں کے ہینڈ گرینیڈ کے حملے میں ایک شخص زخمی ہو گیا جبکہ لوگوں کے گھروں کو نقصان پہنچا- حماہ کے شمالی علاقوں میں سرگرم جبہہ النصرہ اور جیش الفتح جیسے دہشت گرد گروہ اس علاقے کے پرامن قصبوں پر حملہ کر کے وہاں کے باشندوں کا امن تباہ کر رہے ہیں۔

 

ٹیگس