داعش کے سربراہ ابوبکرالبغدادی کا نائب ہلاک
عراقی ملٹری انٹیلی جنس کا کہنا ہے کہ دہشتگرد گروہ داعش کے سربراہ ابوبکرالبغدادی کا نائب فضائی حملے میں ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگیا ہے۔
عراقی سرکاری ٹی وی نے انٹیلی جنس اداروں کے حوالے سے کہا ہے کہ داعش کے سربراہ ابوبکرالبغدادی کا نائب ایاد الجمیلی المعروف ابو یحیی فضائی حملے میں ساتھیوں سمیت ہلاک ہو گیا۔
فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے شام کی سرحد سے متصل علاقے القیم میں کارروائی کی جس کے نتیجے میں ایادالجمیلی، ترکی جمال الدلیمی اورسالم مظفر العجمی سمیت داعش کے دیگر دہشتگرد بھی مارے گئے۔
فضائی حملے میں مارا جانے والا کمانڈر ایاد الجمیلی داعش کی اندرونی سیکیورٹی یونٹ کا سربراہ تھا جب کہ وہ 2003 تک عراقی آرمی میں انٹیلی جنس آفیسر کی خدمات بھی انجام دے چکا ہے۔
اطلاعات کے مطابق داعش نے اپنے اہم دہشت گرد کمانڈروں اور فوجیوں کو مسجد النوری میں منتقل کردیا ہے۔ مسجد النوری کے آس پاس عراقی فورسز اور داعش دہشت گردوں کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے۔
واضح رہے کہ النوری مسجد وہی مسجد ہے کہ جس سے داعش کے سربراه نے تین سال قبل اپنی خود ساختہ خلافت کا اعلان کیا تها.
یاد رہے کہ عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورسز نے اب تک عراق میں سینکڑوں مربع کلومیٹر اور موصل کے درجنوں علاقوں کو دہشت گردوں سے آزاد کرالئے ہیں۔
عراقی وزیراعظم نے پیر 17 اکتوبر2016 کو موصل شہر کی دہشت گرد گروہ داعش سے آزادی کے لئے وسیع پیمانے پر کارروائیوں کے آغاز کی خبر دی تھی۔