May ۰۹, ۲۰۱۷ ۱۴:۱۴ Asia/Tehran
  • بحرینی عوام کی انقلابی تحریک

بحرین میں بزرگ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت میں عوام کے مظاہرے مسلسل کئی روز سے جاری ہیں - اس درمیان بحرین کے انقلابی نوجوانوں کی تنظیم نے آل خلیفہ حکومت کو خبردار کیا ہے کہ وہ آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شان میں کسی بھی طرح کی گستاخی کرنے سے باز رہے بصورت دیگر اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے -

بحرین کے بزرگ عالم دین اور مذہبی قائد آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت میں بحرینی عوام کے مظاہرے مسلسل کئی روز سے جاری ہیں - بحرینی عوام نے پیر اور منگل کی درمیانی رات بھی دارالحکومت منامہ کے علاقے الدراز میں آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے باہر ان کی حمایت میں مظاہرہ کیا - مظاہرے کے شرکاء آیت اللہ شیخ عیسی قاسم سے اپنی یکجہتی کے اظہار کے لئے نعرے لگا رہے تھے - مظاہرین نے اپنے مذہبی  رہنما کی شان میں آل خلیفہ حکومت کی طرف سے گستاخیوں کی کوشش اور ان پر مقدمہ چلائے جانے کے اقدام  کی سخت الفاظ میں مذمت کی- بحرین کی  ایک فوجداری عدالت نے گذشتہ اتوار کو مسلسل چوتھی بار آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے خلاف مقدمے کی سماعت ملتوی کردی اور کہا ہے کہ مقدمے کی سماعت اکیس مئی کو ہوگی - اس درمیان بحرینی نوجوانوں کی انقلابی تنظیم نے آل خلیفہ حکومت کو خبردار کیا ہے کہ وہ آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شان میں کسی بھی طرح کی گستاخی سے باز رہے بصورت دیگر اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے - بحرین کے انقلابی نوجوانوں کی تنظیم نے ایک بیان جاری کرکے آئندہ اکیس مئی کو آل خلیفہ کی نمائشی عدالت میں آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے خلاف مقدمے کی مجوزہ سماعت کی مذمت کرتے ہوئے بحرینی عوام سے کہا ہے کہ وہ اپنے مذہبی رہنما کے دفاع کے لئے پوری طرح تیار ہوجائیں - بحرین کے انقلابی نوجوانوں کی تنظیم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت میں عوام کے ملک گیر مظاہرے اس بات کو ظاہر کرتے ہیں کہ پوری قوم آل خلیفہ حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف متحد ہے - بیان میں کہا گیا ہے کہ میدان میں بحرینی عوام کی پرجوش موجودگی آل خلیفہ حکومت کے لئے واضح پیغام ہے کہ قوم شیخ عیسی قاسم کی حمایت اور دفاع کے لئے پرعزم ہے اور بحرینی عوام اپنی تحریک سے اس وقت تک دستبردار نہیں ہوں گے جب تک ان کے جائز اور قانونی مطالبات پورے نہیں ہو جاتے - بحرین کے انقلابی نوجوانوں کی تنظیم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے خلاف مقدمے کی سما‏عت بار بار ملتوی کئے جانے سے یہ صاف ہوگیا ہے کہ آل خلیفہ حکومت اپنے اقدام کے نتائج سے خو‌فزدہ ہے - بیان میں کہا گیا ہے کہ جب تک شاہی حکومت کو اپنے آقاؤں سے ہری جھنڈی نہیں مل جاتی  اس وقت تک وہ کوئی اقدام نہیں کرسکتی - کیونکہ بحرین کے بزرگ عالم دین کی شان میں کسی بھی طرح کی گستاخی کو بحرینی عوام ہرگز برداشت نہیں کریں گے- دوسری جانب عراق کے ہزاروں باشندوں نے دارالحکومت بغداد میں بحرینی سفارتخانے کے  باہر اجتماع کرکے بحرین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور آیت اللہ  شیخ عیسی قاسم پر مقدمہ چلانے کی آل خلیفہ حکومت کی کوششوں کی مذمت کی - بغداد میں ہوئے مظاہرے کے شرکاء نے اعلان کیا ہے کہ وہ  بحرینی عوام اور آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں - عراق کی بہت سی سیاسی جماعتوں اور شخصیتوں نے بھی پچھلے دنوں بحرین میں انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی خاموشی کی مذمت کی تھی -     

 

ٹیگس