ٹرمپ اور محمود عباس کے سمجھوتے تحریک مزاحمت کے لئے نافذالعمل نہیں، حماس
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے محمودعباس اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ہر طرح کے معاہدے کو مسترد کرد یا ہے
فلسطین کی محدود خودمختار انتظامیہ کے سربراہ اور امریکی صدر ٹرمپ کے درمیان بیت اللحم میں ہونے والی ملاقات کے بعد تحریک حماس کے ایک سینیئر رہنما نے کہا ہے کہ ٹرمپ اور محمود عباس کا کوئی بھی سمجھوتہ تحریک مزاحمت کی نظر میں نافذالعمل نہیں ہے۔فلسطینی ذرائع کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ایک رہنما اسماعیل رضوان نے فلسطین کے تمام مقبوضہ علاقوں کی آزادی تک مزاحمت جاری رکھے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے فلسطینی گروہوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹرمپ کے بیان کے بعد مزاحمت کے لئے اپنی حمایت تیز کردیں۔انھوں نے مزاحمت کو نشانہ بنانے کے لئے علاقے میں تیار کی جانے والی سازشوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے علاقے کے بعض ملکوں کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کئے جانے کے بارے میں سخت خبردار کیا۔واضح رہے کہ فلسطین کی محدود خودمختار انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس نے منگل کے روز بیت اللحم میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی ہے۔