شام پر ایک بار پھر غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت
غاصب صیہونی حکومت نے حالیہ چند دنوں کے دوران شام کے صوبے قنیطرہ میں شامی فوج کے ٹھکانوں کو چھٹی بار جارحیت کا نشانہ بنایا اور ان ٹھکانوں پر بمباری کی۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے ہفتے کی رات شام کے صوبے قنیطرہ میں نبع الفوار نامی علاقے کے قریب شامی فوج کے ٹھکانوں پر بمباری کی۔
اسرائیل کا یہ حملہ، شہر البعث پر قبضہ کرنے میں جبہت النصرہ دہشت گرد گروہ اور اس کے اتحادیوں کی ناکامی کے بعد انجام پایا۔
صیہونی حکومت، اس قسم کے حملوں کے لئے شام سے مقبوضہ جولان کی پہاڑیوں پر کئے جانے والے حملوں کو بہانہ بنا رہی ہے۔
شامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق جبہت النصرہ دہشت گرد گروہ کی جانب سے دانستہ طور پر جولان کی پہاڑیوں پر مارٹر گولوں سے حملے کئے جا رہے ہیں تاکہ صیہونی حکومت کو، جو دہشت گردوں کی ہمیشہ حمایت کرتی رہی ہے، شام کے فوجی ٹھکانوں پر حملہ کرنے کا بہانہ مل سکے۔