افغانستان: 90 کے قریب طالبان ہلاک و زخمی
افغانستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کلین اپ کے نتیجے میں 4 کمانڈروں سمیت 54 سے زائد طالبان ہلاک جبکہ 33 زخمی ہوگئے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان وزارت دفاع کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان کی خصوصی فورسز نے صوبہ ہلمند کے ضلع ناوا میں آپریشن کلین اپ کیا جس کے نتیجے میں 42 طالبان ہلاک جبکہ 27 زخمی ہو گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے میں طالبان کے 4 کمانڈر بھی ہلاک ہو گئے اور ان کی 18 موٹر سائیکلوں کے علاوہ بھاری مقدار میں اسلحہ بھی قبضے میں لیا گیا ہے۔
دریں اثنا صوبہ ہلمند کے ہی ضلع لشکرگاہ میں طالبان کے 2 ٹھکانوں کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا گیا جس میں 12 طالبان ہلاک جبکہ 6 زخمی ہوئے ہیں۔
افغان میڈیا کے مطابق جنوبی صوبہ قندھار میں ایک کار سڑک کے کنارے نصب بم سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں 4 شہری ہلاک ہوگئے۔ طبی ذرائع کے مطابق ہلاک شدگان میں2 خواتین بھی شامل ہیں۔