حضرت امام رضا علیہ السلام کا یوم ولادت باسعادت مبارک ہو
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i292840-حضرت_امام_رضا_علیہ_السلام_کا_یوم_ولادت_باسعادت_مبارک_ہو
آج گیارہ ذی القعدہ فرزند رسول (ص) آٹھویں امام حضرت امام علی بن موسی رضا علیہ السلام کا یوم ولادت با سعادت ہے۔
(last modified 2025-07-01T12:42:33+00:00 )
Aug ۰۴, ۲۰۱۷ ۰۲:۴۶ Asia/Tehran
  • حضرت امام رضا علیہ السلام کا یوم ولادت باسعادت مبارک ہو

آج گیارہ ذی القعدہ فرزند رسول (ص) آٹھویں امام حضرت امام علی بن موسی رضا علیہ السلام کا یوم ولادت با سعادت ہے۔

حضرت امام علی بن موسی رضا علیہ السلام گیارہ ذی القعدہ سنہ ایک سو اڑتالیس ہجری قمری کو مدینہ منورہ میں اس دنیا میں تشریف لائے۔ آپ کے فضائل میں بیان کیا جاتا ہے کہ آپ اپنے زمانے میں سب سے زیادہ علم کے حامل تھے۔

بنی عباس کا خلیفہ مامون الرشید ہمیشہ مختلف سوالات کے ذریعے آپ کو آزماتا رہتا تھاآپ ہر سوال کا جواب دیتے اور آپ کے تمام جوابات کا سرچشمہ قرآن کریم ہوتا تھا۔

دنیا بھر کے مسلمانوں اوراسی طرح اسلامی جمہوریہ ایران کے مسلمان اور اللہ تعالی کی خوشنودی کے خواہاں لوگ، حضرت امام علی بن موسی رضا علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کے موقع پر آپ کے روضہ اقدس سمیت مختلف مقدس مقامات پر جا کر جشن مناتے ہیں۔

دنیا کے دوسرے ممالک خاص طور سے عراق، شام، لبنان،پاکستان، ہندوستان، بحرین، یمن اور اسلامی جمہوریہ ایران کے چھوٹے بڑے شہروں میں آج حضرت امام علی بن موسی رضا علیہ السلام کے یوم ولادت با سعادت کی مناسبت سے جشن منایا جا رہا ہے۔

سڑکوں اور دوکانوں کو سجایا گیا ہے اور لوگ  شربت اور مٹھائی تقسیم کر رہے ہیں اورعلمائے کرام اور ذاکرین عظام حضرت امام رضا علیہ السلام کے فضائل بیان کررہے ہیں۔

حضرت امام رضا علیہ السلام کے حرم میں گذشتہ دس روز سے ہی عشرہ کرامت کی مناسبت سے محفلوں اور سیمیناروں کا سلسلہ جاری ہے جس کے دوران مقررین نے امام رضاعلیہ السلام اور ان کی خواہرگرامی جناب فاطمہ معصومہ قم سلام اللہ علیھا کی بابرکت حیات طیبہ کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی ۔

یکم ذی القعدہ حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے یوم ولادت باسعادت سے گیارہ ذی القعدہ حضرت امام رضاعلیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت تک کے ایام کو عشرہ کرامت کے طور پر منایا جاتا ہے -

اسلامی جمہوریہ ایران کا سحر عالمی نیٹ وروک بھی اپنے تمام ناظرین، سامعین، قارئین اور دنیا بھر کے تمام مسلمانوں اور حریت پسندوں کو حضرت امام علی بن موسی الرضا علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے مبارک باد پیش کرتا ہے۔