دیرالزور میں شامی فوج کی پیشقدمی
شام کے فوجی دستوں نے اپنے اتحادی فوجیوں کی مدد سے بادیہ کے علاقے میں پیشقدمی جاری رکھتے ہوئے کباجب قصبے کو اپنے کنٹرول میں لے لیا۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق شامی فوجی دستوں نے جنوب مغربی دیرالزور میں واقع کباجب قصبے کو اپنے کنٹرول میں لیتے ہوئے اس علاقے میں داعش کےآخری اڈے کو بھی تباہ کر دیا-
اس آپریشن میں داعش کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا-
شامی فوج نے کباجب قصبے میں اپنی پوزیشن مضبوط بناتے ہوئے یہاں نصب بارودی سرنگوں اور بموں کو ناکارہ بنا دیا-
شامی فوج الشولا کے علاقے کو دہشتگردوں کے وجود سے پاک کرنے کے لئے اب اس علاقے میں کارروائیاں انجام دے رہی ہے۔
دوسری طرف شامی فضائیہ نے حوزہ التیم کے اطراف میں المالحہ و ثردہ علاقوں نیز الشولا، عیاش اور الغیلیہ علاقوں میں دہشتگردوں کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں داعش کے بعض اڈے تباہ اور بہت سے دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
مقامی ذرائع نے مغربی دیرالزور میں گرانیچ کے علاقے میں داعش سے وابستہ دو فرانسیسی دہشتگردوں سمیت کئی داعشی دہشتگردوں کے ہلاک ہونے کی خبر دی ہے۔