Sep ۱۶, ۲۰۱۷ ۱۹:۳۳ Asia/Tehran
  • ایرانی وفد کا میانمار کے پناہ گزیں مسلمانوں کے کیمپوں کا دورہ

اسلامی جمہوریہ ایران کے سرکاری وفد نے میانمار سے جان بچاکر بنگلہ دیش پہنچنے والے مظلوم روہنگیا مسلمانوں کے کیمپوں کا دورہ کیا اورپناہ گزینوں سے ملاقات کی ہے۔

میانمار کی فوج اور انتہا پسند بدھسٹوں کے حملوں سے جان بچاکر بنگلہ دیش فرار کرجانے والے میانمار کے مسلمانوں کی حالت زار کا قریب سے مشاہدہ اور انہیں ہرممکن مدد پہنچانے کی غرض سے ایران سے روانہ کئے گئے وفد نے بنگلہ دیش کی سرحد کے اندر پناہ گزیں کیمپوں کا دورہ کیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وفد کی قیادت نائب وزیرخارجہ ابراہیم رحیم پور کررہے ہیں۔
انہوں نے میانمار سے جان بچاکر بنگلہ دیش کے سرحدی علاقوں میں پہنچنے والے پناہ گزینوں سے بات چیت بھی کی۔
ایرانی وفد کے ذریعے پناہ گزیں کیمپوں کا دورہ کرنے کے ساتھ ہی ایران سے ارسال کی گئیں امدادی اشیا بھی میانمار کے پناہ گزینوں میں تقسیم کی گئیں۔
گذشتہ پچیس اگست سے میانمار کے صوبہ راخین میں روہنگیا مسلمانوں پر فوج اور انتہا پسند بدھسٹوں کے وحشیانہ حملوں میں اب تک چار لاکھ مسلمان اپنے گھر بار چھوڑ کر بنگلہ دیش پہنچ چکے ہیں جبکہ ان حملوں میں ہزاروں افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں۔