عراق کی ارضی سالمیت پر روس کی تاکید
عراق کے وزیر خارجہ نے اپنے دورہ ماسکو میں روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے بارے میں گفتگو کی۔
عراق کے وزیر خارجہ ابراہیم جعفری سے گفتگو کرتے ہوئے روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ ان کا ملک عراق کی ارضی سالمیت اور اقتدار اعلی کی حمایت کرتا ہے اور وہ اپنے اس موقف پر قائم ہے۔انھوں نے مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔عراق کے وزیر خارجہ نے بھی دہشت گردی کے خلاف مہم میں عراق کے لئے روس کی حمایت کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ عراقی قوم کو حاصل ہونے والی کامیابیوں پر روس بھی فخر کر سکتا ہے اس لئے کہ ان کامیابیوں کے حصول میں وہ بھی شریک رہا ہے۔عراق کے وزیر خارجہ ابراہیم جعفری نے روس کے صدر ولادیمیر پوتن اور وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کو بغداد کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔واضح رہے کہ روس نے عراقی کردستان کے علاقے میں علیحدگی کے لئے ہونے والے ریفرنڈم کے بعد صراحت کے ساتھ اعلان کیا تھا کہ وہ متحدہ عراق کی حمایت کرتا ہے۔روس نے مسائل کے حل کے لئے بغداد اور اربیل کے درمیان مذاکرات کی ضرورت پر بھی تاکید کی تھی۔