یمن پر سعودی جارحیت میں مزید دسیوں افراد شہید و زخمی
سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے ایک بار پھر یمن کے مختلف علاقوں کو اپنی وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنایا جس میں دسیوں یمنی شہری شہید و زخمی ہو گئے۔
پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کے صوبوں تعز اور صعدہ پر سعودی جنگی طیاروں کے حملے میں دس سے زائد یمنی شہری شہید اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔سعودی جارحیت کے جواب میں یمنی فوج اور عوامی رضاکاروں نے بھی صوبے تعز میں سعودی اتحاد کے فوجیوں کو نشانہ بنایا۔
رپورٹ کے مطابق ا لتبہ الحمراء اور ذوباب کے علاقوں میں سعودی اتحاد کے ٹھکانوں پر یمنی فوج اور عوامی رضاکاروں کے حملے میں سعودی اتحاد کی ایک گاڑی اور کئی ٹھکانے تباہ ہوگئے ۔ادھر سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقے جیزان میں سعودی فوجی ٹھکانوں پر ہونے والے میزائل حملے میں سعودی فوجیوں کو خاصا نقصان پہنچا۔اس درمیان یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے اعلان کیا ہے کہ یمن کے خلاف سعودی فوجی اتحاد میں شامل متحدہ عرب امارات کا دارالحکومت ابوظبی یمنی فوج کے بیلسٹک میزائلوں کے نشانے پر ہے۔
انصاراللہ کے اس ترجمان نے کہا کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکاروں نے سرحدوں پر اپنی کارروائیاں تیز کرتے ہوئے سعودی عرب کے اندر اہداف کو نشانہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔محمد عبدالسلام نے کہا کہ یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے نمائندے اسماعیل ولد الشیخ احمد نے اب تک یمن میں سیاسی راہ حل کے حصول کے لئے کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی ہے جبکہ یمنی فوج مذاکرات کے لئے آمادہ رہی ہے اور وہ ملک کے اندر و باہر تمام گروہوں کو مذاکرات کی دعوت بھی دیتی ہے۔