داعش کے مکمل زوال کو یقینی بنا دیا، شام کے نائب وزیر خارجہ
شامی حکومت کا کہنا ہے کہ البوکمال شہر کی آزادی کے بعد اب ملک میں دہشتگرد گروہ داعش کا کہیں بھی کوئی کنٹرول یا محفوظ مقام نہیں ہے۔
شامی پارلیمنٹ کے اسپیکر حمودہ صباغ نے صوبہ دیرالزورکے شہرالبوکمال کی آزادی کو امریکہ اور صیہونی حکومت کی جانب سے دہشتگردوں کے ذریعے شام کے حصے بخرے کرنے کی سازش کی ناکامی قرار دیا۔
حمودہ صباغ نے دہشتگردوں کے مقابلے میں شامی فوج کی کامیابیوں کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ البوکمال شہرمیں اتحادی فوج کے ساتھ امن و امان کی برقراری خاص اہمیت رکھتی ہے اور اس سے شامی فوج کے مورال کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ شامی فوج نے شام کے آخری شہر"البوکمال" کو بھی داعش کے ناپاک وجود سے پاک کرتے ہوئے شام میں داعش کی شکست اور شامی فوج اورعوام کی فتح کا اعلان کیا ہے۔
شام کے شمالی شہرالبوکمال کو داعش کا آخری مضبوط گڑھ سمجھا جاتا تھا لیکن اب وہاں پر شامی حکومت نے مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
سرحدی شہر البوکمال کی آبادی ایک لاکھ بیس ہزار افراد پر مشتمل ہے جس پر داعش دہشت گرد گروہ نے دو ہزار چودہ میں حملہ کر کے قبضہ کر لیا تھا۔
شامی حکومت کا کہنا ہے کہ اب ملک میں داعش کا کہیں بھی کوئی کنٹرول یا محفوظ مقام نہیں اور دو ہزار چودہ سے شروع ہونے والا داعش کا دور اختتام پذیر ہوگیا ہے جب کہ وہابی دہشت گرد تنظیم کے عناصر عراق کے سرحدی اور مضافاتی علاقوں کی جانب فرار کر گئے ہیں۔
شام کے نائـب وزیر خارجہ فیصل مقداد نے بھی کہا ہے کہ البوکمال کی آزادی دہشت گردی پر شامی فوج اور عوام کی کامیابی و فتح کے مترادف ہے اس لئے کہ اس فتح کے بعد داعش دہشت گرد گروہ کا مکمل زوال قریب ہے۔
انھوں نے دمشق میں پاکستانی سفیر سے گفتگو میں اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ شام اپنی کامیابیوں اور شام کی حکومت اور قوم کا ساتھ دینے والے اپنے دوست ملکوں پر فخر کرتا ہے، کہا کہ پاکستان نے اپنا سفیر دمشق روانہ کر کے اس بات کی نشاندہی کی ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شام کے ساتھ رہا ہے اور وہ دباؤ کے سامنے نہیں جھکا ہے۔