بیت المقدس اور غرب اردن کے مختلف علاقوں میں جھڑپیں
مقبوضہ بیت القدس کے قدیمی اور غرب اردن کے مختلف علاقوں میں فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی ہیں اور صیہونی فوجیوں نے متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
ہمارے نمائندے نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کئے جانے کے اعلان کی مذمت میں بیت المقدس کے قدیمی علاقے جبل زیتون میں فلسطینیوں نے وسیع پیمانے پر احتجاجی مظاہرہ کیا جس کے بعد صیہونی فوجیوں نے فلسطینیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔
صیہونی فوجیوں نے فلسطینیوں کے مظاہرے کی سرکوبی کے لئے جارحانہ اقدامات کئے اور عیسویہ کے علاقے میں آٹھ فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ غرب اردن کے مختلف علاقوں میں فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی ہیں اور صیہونی فوجیوں نے بیت اللحم پر حملہ کر کے کئی فلسطینیوں کو زخمی کر دیا۔
ادھر غزہ کے جنوبی علاقے میں فلسطینی طلبا نے امریکی صدر ٹرمپ کے فیصلے کی مذمت میں مارچ کیا جہاں صیہونی فوجیوں اور فلسطینی طلبا میں سخت جھڑپیں بھی ہوئیں۔
دوسری جانب غزہ اور غرب اردن کے مختلف علاقوں پر صیہونی حکومت کی جارحیت کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور صیہونی فوج نے غزہ پر ہوائی حملہ کیا ہے جس کے نتیجے کم از کم چار فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔
صیہونی حکومت نے غزہ کے جنوبی علاقے پر یہ فضائی حملہ، ہفتے کی صبح کیا جس میں القسام بریگیڈ کے دو اراکین شہید ہو گئے۔
اس سے قبل جمعے کو فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا کہ جمعرات اور جمعے کو صیہونی فوجیوں کی جارحانہ کارروائیوں میں ایک ہزار، ایک سو، چودہ فلسطینی زخمی ہوئے۔
قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے جب سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے مقبوضہ فلسطین کے مختلف علاقوں میں فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں میں شدید جھڑپیں ہو رہی ہیں۔