قدس کے پہاڑوں میں وسیع پیمانے پر لگنے والی آگ کے بعد نو سے زائد صہیونی بستیوں کو خالی کرا لیا گیا ہے
May ۰۱, ۲۰۲۵ ۱۶:۲۳ Asia/Tehran
نیوہ ایلان اور شورش نامی دو علاقوں کو خالی کرنے کے حکم کے بعد سے نقل مکانی کرنے والوں کی کل تعداد دس ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: آگ بجھانے والی 150 کے قریب ٹیمیں آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہیں تاہم فائر ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ایال کاسپی نے اعلان کیا کہ موسم کی خرابی کے باعث فائر فائٹنگ طیاروں کا استعمال ممکن نہیں ہے اور رات تک آگ کے شعلہ ور رہنے کا امکان ہے- آگ کے شعلے اب تل ابیب کے مشرق میں واقع شہر بیتح تکفا اور الخضیرہ تک پہنچ چکے ہیں اور تیز ہواؤں کے ساتھ آگ اب مغرب کی طرف بڑھ رہی ہے جس سے آگ کے شہر قدس تک پہنچنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ اسی طرح اسرائیلی فائر چیف کے مطابق ہائی وے نمبر ایک اور شہر قدس کے اطراف کے علاقوں کو خالی کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب صحرائے نقب میں، شیفتا فوجی اڈے میں اسرائیلی فوجی ، ریت کے شدید طوفان سے نبرد آزما ہیں۔ اسرائیلی وزیر مواصلات نے 22 ٹیلی کمیونیکیشن ٹاورز کو بھی بند کرنے کا اعلان کیا جن میں سے زیادہ تر بجلی کی بندش کی وجہ سے تھے۔ اسرائیل ہیوم اخبار نے خبر دی ہےکہ یونان نے اپنے فائر فائٹنگ طیارے اسرائیل بھیجنے سے انکار کر دیاہے۔ یونان کے اس فیصلے سے اسرائیلی حکام میں ناراضگی پائی جاتی ہے ۔ صیہونی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے ہنگامی حالت کا اعلان کرتے ہوئے، شہر قدس کے فوری بچاؤ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے تمام دفاعی اور فضائی وسائل کو بروئے کار لانے پر زور دیا ہے-