چھٹی عالمی کانفرنس حضرت رضا علیہ السلام حرم امام رضا علیہ السلام میں منعقد کی گئی جس میں ایران کے صدر مملکت سمیت 21 ممالک کے دانشوروں نے شرکت فرمائی۔
سحرنیوز/ایران: عشرہ کرامت اور حضرت امام علی رضا(ع) کی ولادت با سعادت کے ایّام کی مناسبت سے چھٹی عالمی کانفرنس حضرت رضا(ع) کا انعقاد مؤرخہ پانچ مئی2025 بروز سوموار کو کیا گیا جسسے اہلبیت(ع) خصوصاً امام رضا(ع) کی تعلیمات سے بہرہ مند ہو کر حقوق اور انسانی کرامت و عزت و وقارکے موضوع پر منعقد کیا گیا، اس بین الاقوامی کانفرنس میں آستان قدس رضوی کے متولی آیت اللہ احمد مروی،وزیر علوم ،ریسرچ اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر حسین سیمایی صراف،اکیڈمی آف سائنس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد رضا مخبر دز فولی، اہلبیت عالمی کونسل کے سربراہ آیت اللہ رضا رمضانی اور 21 ممالک کے دانشوروں نے شرکت فرمائی۔
اس عالمی کانفرنس میں حقوق اور کرامت انسانی کے موضوع پر چالیس آرٹیکلزسات نشستوں کی صورت میں پیش کئے گئے ،ان نشستوں میں روس کی دینی مسلم فیڈریشن کےعلمی شعبہ کے سربراہ جناب الیا سادورین، امریکہ میں انسانی حقوق کے فعال فرد ڈاکٹر رندی شورت، ہالینڈ سے انسانی حقوق کے بین الاقوامی وکیل ڈاکٹر مسعود طاہری،لندن کے اسلامی انسانی حقوق کمیشن کے سربراہ ڈاکٹر مسعودشجرہ ،ارجنٹائن کی اسلامی تنظیموں کی فیڈریشن کے بانی شیخ علی گابریل لیندرو، ہندوستان کے شہر رانچی کے امام جمعہ سید تہذیب رضوی،تونس کے مشہور عالم دین شیخ محمود بن حمودہ، سنیگال کے شیعہ لیڈر حجت الاسلام عبد المنعم الزین سمیت کئی دیگر غیرملکی اور ملکی دانشوروں نے شرکت فرمائی۔ عالمی کانفرنس کے اختتام پر ایران کے صدرمملکت ڈاکٹر مسعود پزشکیان ، آستان قدس رضوی کے متولی آیت اللہ مروی اور چند ایک غیرملکی دانشوروں نے خطاب فرمایا۔
آستان قدس رضوی کی علمی و ثقافتی آرگنائزیشن کے سربراہ ڈاکٹر عبد الحمید طالبی نے اس عالمی کانفرنس کو گذشتہ پانچ سالوں میں آستان قدس رضوی کی اہم ترین اور مؤثر ترین تقریب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس عالمی کانفرنس کو علمی و ثقافتی آرگنائزیشن کی میزبانی میں منعقد کیا جاتا ہے اس کے انعقاد سے رضوی تعلیمات اور سیرت کو فروغ دینے کا بہترین موقع فراہم ہوا ہے ۔ ڈاکٹر طالبی نے بتایا کہ اس عالمی کانفرنس کے اختتام پر ’’منشورات رضوی‘‘، ’’دانای خاندان‘‘ جسے صربی زبان میں ترجمہ کیا گیا ہے اور کتاب ’’مناظرات امام رضا(ع) با علمائے یہود و مسیحی‘‘ سے بھی نقاب کشائی کی گئی۔
واضح رہے کہ آج 6 مئی2025 بروز منگل کو ’’غزہ اور مزاحمت کے حقوق‘‘ کے موضوع پر بین الاقوامی یونیورسٹی امام رضا(ع) کی میزبانی میں ایک علمی نشست منعقد کی جا رہی ہے جس میں بین الاقوامی حقوقِ انسان کے کارکنان، جیسے کہ لندن کے اسلامی حقوقِ بشر کمیشن کے سربراہ “ڈاکٹر مسعود شجرہ”، فرانسیسی حقوقِ انسان کی کارکنہ اور صحافیہ “ویولٹ داغر”، اور “ڈاکٹر محمد طی”، “مرکز الاستشاری للدراسات و التوثیق” کے نائب صدر اور قانونی شعبے کے سربراہ، مزاحمت کے حقوق، بے گناہ انسانوں کے قتل عام، اور ظالمانہ پابندیوں کے نتائج کے موضوع پر خطاب کر رہے ہیں۔