سعودی عرب کے فوجی ٹھکانوں پر یمنی فوج کے جوابی حملے
یمنی فوج نے سعودی عرب کی جارحیت کے جواب میں جنوبی سعودی عرب کے علاقے جازان میں القرن کے علاقے میں سعودی فوجی ٹھکانے پر میزائل حملہ کیا ہے۔
یمن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یمن پر سعودی عرب کی جارحیت کے جواب میں سعودی عرب میں اس ملک کے فوجی ٹھکانے پر یمنی فوج کا میزائل ٹھیک اپنے نشانے پر لگا۔
یمنی ذرائع کے مطابق یمنی فوج اور عوامی تحریک انصاراللہ کے جوانوں نے جنوبی سعودی عرب میں جازان میں المدرسہ نامی علاقے میں سعودی فوجی ٹھکانوں پر گولہ باری بھی جس میں کئی سعودی فوجی ہلاک و زخمی ہو گئے۔
اس سے قبل سعودی جنگی طیاروں نے مغربی یمن میں الحدیدہ کے علاقے زبید میں شاجہ بازار پر بمباری کی جس میں کئی یمنی شہری شہید و زخمی ہو گئے۔
سععودی جنگی طیاروں نے صوبے صنعا کے شہر نہم میں خلقہ بازار کو بھی نشانہ بنایا جس میں پانچ شہری شہید ہوئے اور پانچ گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن کو اپنی وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنائے ہوئے ہے جس میں اب تک دسیوں ہزار یمنی شہری شہید و زخمی ہو چکے ہیں اور اس ملک کی اسی فیصد سے زائد بنیادی تنصیبات تباہ ہو چکی ہیں۔