امریکی فیصلے کے خلاف فلسطینی علاقوں میں یوم غضب
فلسطینی عوام نے مسلسل تیسرے جمعے کو بھی بیت المقدس کے بارے میں امریکی صدر کے مخاصمانہ فیصلے کے خلاف یوم غضب منایا اور مختلف شہروں میں مظاہرے کیے۔
ہزاروں فلسطینیوں نے مسجد الاقصی میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مشرقی بیت المقدس میں مظاہرے کیے اور اس شہر کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی فیصلے کی مذمت میں نعرے لگائے۔غزہ ، قلقیلیا، بیت لحم اور الخلیل میں بھی بیت المقدس کے بارے میں ٹرمپ کے فیصلے کے خلاف ایسے مظاہرے کئے گئے۔بیت لحم سمیت کئی علاقوں میں فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان جھڑپوں کی خبریں بھی موصول ہوئی ہیں۔ صیہونی فوجیوں نے القدس کی حمایت میں پر امن مظاہرہ کرنے والے فلسطینیوں پر آنسو گیس کا بے تحاشہ استعمال بھی کیا ہے۔فلسطینی عوام بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی فیصلے کے خلاف پچھلے دو ہفتے سے ہر جمعے کو یوم غضب کے طور پر مناتے چلے آرہے ہیں۔ٹرمپ کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے اعلان کے بعد غرب اردن کے مختلف علاقوں اور غزہ میں فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان مسلسل جھڑپیں ہورہی ہیں۔