صیہونی حکومت کی جانب سے لبنان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری
-
فائل فوٹو
صیہونی حکومت نے ایک بار پھر لبنان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بنت جبیل کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا ہے
سحرنیوز/عالم اسلام: لبنانی میڈیا کے مطابق جارح صیہونی حکومت نے ایک بار پھر لبنان میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈرون حملے میں ایک موٹر سائیکل اور ایک کار کو نشانہ بنایا۔
لبنان کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی لبنان کے شہر بنت جبیل پر ڈرون حملے میں پانچ افراد شہید ہوئے ہیں جن میں سے تین بچے ہیں۔
ہفتے کے روز بھی صیہونی حکومت نے جنوبی لبنان میں الخردلی کے علاقے میں ایک کار کو نشانہ بنایا تھا۔
صیہونی فوج نے جمعہ کے روز بھی دو گاڑیوں اور جمعرات کو بھی کئی مراحل میں جنوبی لبنان کے متعدد علاقوں کو نشانہ بنایا تھا۔
واضح رہے کہ غاصب اور جارح صیہونی حکومت اور لبنان کے درمیان جنگ بندی کے قیام کے بعد سے اسرائیلی فوج نے ہزاروں بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے اور جنوبی لبنان کے خلاف اپنی فوجی جارحیت کے ذریعے ملک کے سینکڑوں شہریوں کو شہید یا زخمی کیا ہے۔
یہ ایسے عالم میں ہےکہ جنگ بندی کے نفاذ کی نگرانی کرنے والی کمیٹی نے ان حملوں کو روکنے کے لیے کوئی عملی اقدام نہیں کیا۔