غزہ میں ایک اور فلسطینی شہید
فلسطینی علاقوں میں بیت المقدس کے بارے میں ٹرمپ کے شیطانی فیصلے کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔
فلسطین سے موصولہ خبروں کے مطابق فلسطینی علاقوں میں تحریک انتفاضہ قدس جاری ہے اس دوران غزہ کے مشرق میں ایک اور فلسطینی نوجوان صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں شہید ہوگیا۔
فلسطین کی وزارت صحت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے غزہ کے مشرق میں محمد سامی دحدوح نامی جس فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر بری طرح زخمی کردیا تھا وہ زخموں کی تاب نہ لاکر شہید ہوگیا۔
ہفتے کو بھی غزہ کے ہی علاقے جبالیا میں شرف العبد شبلاش نامی فلسطینی نوجوان کو صیہونی فوجیوں نے گولی مار کر شہید کردیا تھا۔
دوسری جانب صیہونی انتہا پسندوں اور اسرائیلی فوجیوں نے اتوار کو بھی غرب اردن کے شہر نابلس کے گاؤں مادما پر حملہ کرکے کم سے کم چھے فلسطینی نوجوانوں کو زخمی کردیا۔
انتفاضہ قدس کے آغاز سے اب تک گذشتہ دوہفتے کے دوران دوہزار سے زائد فلسطینی شہری صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں زخمی ہوچکے ہیں جبکہ متعدد دیگر شہید ہوئے ہیں۔