ترک فضائیہ کی بمباری میں 13 شامی شہری جاں بحق
Jan ۲۹, ۲۰۱۸ ۱۹:۰۰ Asia/Tehran
شمالی شام کے صوبے حلب کے شہر عفرین کے نواحی علاقے پر ترک فوج کے جیٹ طیاروں کی بمباری میں تیرہ عام شہری مارے گئے ہیں۔
شام مخالفین سے وابستہ ہیومن رائٹس آبزرویٹری گروپ نے بتایا ہے کہ عفرین کے جنوب مشرقی گاؤں کوبلے پر ترک طیاروں کی بمباری میں تیرہ عام شہر مارے گئے ہیں جس میں پانچ بچے اور تین خواتین شامل ہیں۔
ایک اور اطلاع کے مطابق ترک فوج کے لڑاکا طیاروں نے شمالی مشرقی عفرین کے گاؤں دیکمداش اور عرب ویران پر بھی بمباری کی ہے جبکہ تل ملد اور تل جیجان پر ترک فوج نے گولہ باری کی ہے۔
ترکی کی فوج نے بیس جنوری سے شام کے شمالی شہر عفرین میں شاخ زیتون کے نام سے آپریشن شروع کیا ہے۔
شام کی وزارت خارجہ نے ترک فوج کے آپریشن کی مذمت کرتے ہوئے اسے اپنے اقتدار اعلی کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔