علی و فاطمہ علیہم السلام کے پہلے چشم و چراغ کا جشن ولادت
کریم اہل بیت، سبط اکبر حضرت امام حسن مجتبی علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت پر پورے اسلامی جمہوریہ ایران میں جشن کا سماں ہے۔
آسمان امامت و ولایت کے دوسرے درخشاں ستارے فرزند رسول اور شیعان جہان کے دوسرے امام حضرت امام حسن علیہ السلام کے یوم ولادت و باسعادت کی مناسبت سے اسلامی جمہوریہ ایران سمیت دنیا کے مختلف ملکوں منجملہ عراق، شام، لبنان، پاکستان اور ہندوستان کے مختلف شہروں میں محافل و مقاصدہ کا سلسلہ جاری ہے اور جشن و سرور کی محفلیں سجی ہوئی ہیں۔
نواسہ رسول حضرت امام حسن مجتبی علیہ السلام پندرہ رمضان المبارک سن تین ہجری قمری کو مدینہ منورہ میں اس دنیا میں تشریف لائے۔
آپ مولائے متقیان مولا امیرالمومنین حضرت علی بن ابیطالب اور دختر رسول ام ابیہا جناب فاطمہ زہرا علیھماالسلام کے کاشانہ عصمت کے پہلے چشم و چراغ تھے جو سورہ کوثر کی مکمل تفسیر بن کر آغوش عصمت میں اترے۔
دوسرے امام حضرت امام حسن علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے بعد حضرت علی اور جناب فاطمہ علیھماالسلام نے اپنے نو مولود بچے کو رسول اسلام (ص) کی آغوش میں دیا اور آپ سے بچے کا نام رکھنے کی خواہش ظاہر فرمائی۔
سرکار دوعالم حضرت محمد مصطفے صل اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حکم خدا سے اپنے پہلے نواسے کا نام حسن رکھا۔
خاندان عصمت و طہارت کے چوتھی الہی و آفاقتی شخصیت حضرت امام حسن مجتبی علیہ السلام کو یہ شرف حاصل تھا کہ وہ نو سال تک اپنے نانا رسول خدا (ص) کی مبارک آغوش تربیت میں پروان چڑھے اور اس کے بعد تیس سال تک اپنے پدر بزرگوار حضرت علی علیہ السلام کے سایہ عاطفت میں رہے۔
سبط اکبر امام حسن مجتبی علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے کل رات سے ہی ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں محافل مقاصدہ اور جشن کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔
اس پرمسرت موقع پر ملک کے تمام شہروں، قصبوں اور دیہاتوں کی مساجد اور مذہبی مقامات پر محافل مقاصدہ اور خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا اور لوگوں نے اس موقع پر افطار کے وقت اور اس کے بعد میٹھائیاں تقسیم کیں۔
حضرت امام حسن مجتبی علیہ السلام کے جش ولادت کے مرکزی پروگرام مشہد المقدس میں امام رضا علیہ السلام اور قم میں جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے روضوں میں جاری ہیں جہاں بڑی تعداد میں روزہ دار مومنین اور عاشقان اہل بیت عصمت و طہارت محفلوں میں شریک ہیں۔
عراق کے سبھی مقدس شہروں نجف اشرف، کربلائے معلی، کاظمین اور سامرا اور پاکستان اور ہندوستان کے مختلف شہروں سے بھی اطلاعات ہیں کہ آسمان امامت و ولایت کے دوسرے درخشاں ستارے فرزند رسولۖ حضرت امام حسن مجتبی علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے جگہ جگہ خصوصی تقریبات اور محلفوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے اور ہر طرف علی و فاطمہ کے گل اطہر کا جشن ولادت باسعادت نہایت عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔