Sep ۱۷, ۲۰۱۸ ۱۵:۲۳ Asia/Tehran
  • عادل عبدالمہدی کو عراق کا نیا وزیراعظم بنائے جانے کا امکان

عراقی ذرائع نے ملک کے وزرات عظمی کے عہدیدے کے لیے عادل عبدالمہدی کو نامزد کیے جانے کی خبر دی ہے۔

 میڈیا رپورٹوں میں بتایا ہے کہ عراق کے سیاسی دھڑوں کے درمیان عادل عبدالمہدی کو وزیر اعظم بنانے پر اتفاق ہو گیا ہے اور توقع ہے کہ وہ پارلیمینٹ کے پچانوے فی صد ارکان کی حمایت سے وزیراعظم منتخب ہو جائیں گے۔
عراقی ذرائع کا کہنا ہے کہ سائرون اور الفتح جیسے بڑے پارلیمانی دھڑے عادل عبدالمہدی کی وزارت عظمی کے اہم ترین حامی ہیں تاہم دوسرے پارلیمانی دھڑوں نے بھی ان کی مخالفت نہیں کی ہے۔
المیادین ٹیلی ویژن نے بھی اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ عراقی سیاسی جماعتیں وزیراعظم کے عہدیدے کے لیے امیدواروں کی فہرست کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہیں اور عادل عبدالمہدی کو سب سے زیادہ حمایت ملنے کی امید کی جا رہی ہے۔
 عادل عبد المہدی مجلس اعلی اسلامی عراق کے سرکردہ رہنماؤں میں سے ہیں جو سن دو ہزار پانچ سے دو ہزار گیارہ تک عراق کے نائب صدر بھی رہے ہیں۔ وہ عراق میں آمریت کے خاتمے کے بعد بننے والی عبوری حکومت میں وزیر خزانہ بھی رہ چکے ہیں۔
عادل عبدالمہدی سن دو ہزار پانچ میں وزارت عظمی امیدوار تھے تاہم عراقی نیشنل الائنس کی اندرونی ووٹنگ میں صرف ایک ووٹ کی کمی کے باعث ان کے مد مقابل امیدوار نوری المالکی کو وزارت عظمی کے عہدے لیے نامزد کیا گیا تھا۔