Nov ۲۵, ۲۰۱۸ ۰۸:۲۹ Asia/Tehran
  • دنیا بھر میں جشن امین و صادق

سرور کائنات پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفے صل اللہ علیہ وآلہ وسلم اور فرزند رسول حضرت امام جعفرصادق علیہ السلام کا جشن ولادت اسلامی جمہوریہ ایران سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں انتہائی جوش و عقیدت کے ساتھ منایا جارہا ہے

امن  و رحمت کے پیغمبر حضرت محمد مصطفے صل اللہ علیہ وآلہ وسلم اور مکتب جعفریہ کے بانی حضرت امام جعفرصادق علیہ السلام کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے اسلامی جمہوریہ ایران سرا پا جشن و نور ہے - اس مبارک اور پرمسرت موقع پر ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں وسیع پیمانے پر جشن کا سلسلہ جاری ہے جبکہ سبھی شہروں کی سڑکوں، گلیوں، مساجد اور مذہبی مقامات کو بہت ہی خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے ۔

ایران  میں اس مناسبت سے مرکزی اجتماعات مشہد مقدس میں حضرت امام رضا علیہ السلام کے حرم مطہر اور قم میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم میں جاری ہیں جہاں عاشقان رسول و آل رسول کا جم غفیر ہے اور ہر طرف سے درود و سلام کی بارش ہورہی ہے - اس موقع پر دارالحکومت تہران می‍ں کل بتیسویں وحدت اسلامی بین الاقوامی کانفرنس شروع ہوئی جس میں دنیا کے مختلف ملکوں کے سیکڑوں علما اور اکابرین شریک ہیں اور مسلمانوں کو سیرت نبوی پر چلتے ہوئے امت مسلمہ میں اتحاد کی دعوت دے رہے ہیں - پاکستان اور ہندوستان سے بھی اطلاعات ہیں کہ سترہ ربیع الاول اور ہفتہ وحدت کی مناسبت سے ہر طرف جشن ہے اور جگہ جگہ محفل میلاد منقعد کی جارہی ہیں -

قابل ذکر ہے کہ سترہ ربیع الاول سرکار ختمی مرتبت حضرت محمد مصطفے صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور فرزند رسولۖ حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کا یوم ولادت باسعادت ہے جبکہ سنی مسلمانوں کی روایتوں کے مطابق بارہ ربیع الاول پیغمبر خاتم(ص) کا یوم ولادت باسعادت ہے، اسی مناسبت سے اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ نے ان ایام کو ہفتہ وحدت قرار دیا ہے۔

ٹیگس