ایران و عراق کے درمیان تعلقات بہت گہرے ہیں، عادل عبدالمہدی
عراق کے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ عراق اور اسلامی جمہوریہ ایران کے درمیان گہرے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔
عراقی وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے گزشتہ روز اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ کے موقع پر ایران و عراق تعلقات سے متعلق کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں ایران کے ساتھ اچھے اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعاون میں مشترکات پر توجہ دینی چاہئے، یہی بات ہمارے منشور میں بھی درج ہے۔
عادل عبدالمہدی نے کہا کہ مشترکات پر کام کرنے سے اختلافات کا خاتمہ ہو جائے گا جبکہ دوسری صورت میں اختلافات کا حل ہونا ممکن نہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پڑوسی ممالک کے ساتھ قریبی تعاون سے باہمی اعتماد میں مزید اضافہ ہو گا۔
امریکہ کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی کہ ایران و عراق کے تعلقات کو خراب کرے لیکن بغداد نے اس امریکی سازش کو ناکام بنا دیا ہے۔
واضح رہے کہ عراق کے وزیر اعظم اور دیگر اعلی حکام نے بارہا تاکید کی ہے کہ عراق، ایران کے خلاف امریکی پابندیوں پر عمل نہیں کرے گا۔