Apr ۰۳, ۲۰۱۹ ۲۲:۲۴ Asia/Tehran
  • جارح سعودی اتحاد کے فوجی ٹھکانوں پر یمنی فوج کے جوابی حملے، دسیوں ہلاک

یمن کے ذرائع ابلاغ نے خبردی ہے کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکارفورس کے میزائل اور توپخانوں کے سنگین جوابی حملوں میں دسیوں جارح اتحادی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی السریع نے کہا ہے کہ یمن کے صوبہ حجہ میں جارح سعودی اتحاد کے فوجی ٹھکانوں پر یمنی فوج اور  عوامی رضار کافورس کے حملوں میں ساٹھ جارح فوجیوں کو موت کے گھاٹ اتاردیا گیا ہے۔

المسیرہ ٹیلی ویژن چینل نے یمنی فوج کے ترجمان کےحوالے سے خبردی ہے کہ یمنی فوج کے میزائل یونٹ نے صوبہ حجہ میں جارح سعودی اتحاد کے فوجی ٹھکانوں پر بدر پی ایک بیلسٹک میزائل سے حملہ کیا۔

یمنی فوج کے ترجمان نے جارح اتحادی فوجیوں میں پائے جانے والے خوف و ہراس کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ یمنی فوج نے جوابی حملوں کی جو تدابیر اپنائی ہیں ان کے پیش نظر اب جارح فوجیوں کے لئے کوئی بھی جگہ محفوظ نہیں رہے گی۔

یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے میڈیا سینٹر نے بھی اعلان کیا ہے سعودی عرب کے جنوبی صوبے جیزان کے المعزاب، کرس جوبح اور قبالہ جبل قیس علاقوں میں جارح سعودی اتحاد کے فوجی ٹھکانوں پر یمنی فوج کے توپخانوں کے حملوں میں بہت سے جارح فوجی ہلاک اور زخمی ہوگئےہیں۔ مذکورہ ذریعے نے یہ بھی خبردی ہے کہ نجران کے الحماد علاقے میں بھی یمنی فوج کے حملے میں متعدد سعودی فوجی ہلاک ہوئےہیں۔

اس درمیان یمنی فوج نے سعودی عرب کے ہی علاقے عسیر میں بھی سعودی فوجی ٹھکانوں پر حملہ کیاہے اس حملے میں متعدد سعودی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب اسپوتنک نیوز ایجنسی نے خبردی ہے کہ یمنی فوج نے یمن کے مغربی صوبے الحدیدہ میں بھی سعودی فوجی اڈے کو نشانہ بنایا ہے۔

درین اثنا اطلاعات ہیں کہ یمنی فوج کے ڈرون نے بھی بدھ کی سعودی عرب کی فضائی حدود میں پروازیں انجام دیں۔ سعودی فوجی اتحادکے ترجمان ترکی المالکی نے دعوی کیا ہے کہ یمنی فوج کے دو ڈرون طیاروں کا پیچھا کیا گیا۔

خبروں میں کہا گیا ہے کہ یمنی فوج کے ڈرون طیاروں کو مار گرائے جانے کے نتیجے میں سعودی عرب کے سرحدی شہر خمیس مشیط میں پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ جائے حادثہ کی جو تصویریں سامنے آئی ہیں ان کو دیکھنے سے پتہ چلتا ہے کہ یمنی فوج کے ڈرون طیاروں کی کارروائیاں کامیاب رہی ہیں۔

سعودی عرب کا سرحدی شہر خمیس مشیط یمن کی سرحد سے ساٹھ میل کے فاصلے پر ہے اور اسی شہر کے قریب ملک خالدایئربیس بھی واقع ہے۔