سعودی طیاروں کی یمن میں اسکول پر بمباری، 23 طالبات شہید و زخمی
یمن کے خلاف تازہ سعودی جارحیت میں تیئیس اسکولی بچیاں شہید اور زخمی ہوگئیں۔
جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے اتوار کو صنعا کے محلے سعوان اور الرایہ اسکول کے قریب بمباری کی جس میں تین اسکولی طالبات شہید اور بیس دیگر زخمی ہوگئیں۔ سعودی اتحاد کے بمبار طیاروں نے یمن کے شمالی صوبے صعدہ کے شہر کتاف پر بھی بمباری کی۔
دوسری جانب یمن کی فوج اورعوامی رضاکارفورس نے بھی جوابی کارروائی کے دوران سعودی عرب کے جنوبی صوبے عسیر کی علب گذرگاہ میں سعودی فوجی ٹھکانے پر حملہ کرکے متعدد سعودی فوجیوں کو موت کے گھاٹ اتاردیا۔ یمنی فوج اور عوامی رضاکارفورس نے اسی طرح دو الگ الگ کارروائیوں میں عسیر شہر میں سعودی اتحاد کے فوجی ٹھکانوں پر حملہ کرکے انہیں بھاری جانی نقصان پہنچایا ہے۔
یمنی فوج کے میزائل یونٹ نے بھی سعودی عرب کے علاقے جیزان کے کوہ جحفان کے مشرق میں جارح اتحاد کے فوجی ٹھکانوں پر کاتیوشا راکٹوں سے حملہ کیا۔ اس حملے میں بھی دسیوں جارح فوجی ہلاک اور زخمی ہوگئے۔ اس درمیان جنوبی سعودی عرب کے صوبے جیزان میں جبل النار کے مشرق میں یمنی فوج نے جارح سعودی اتحاد کے فوجیوں کے ایک حملے کو پسپا کردیا ہے اس لڑائی میں بہت سے سعودی فوجی اور ان کے اتحادی مارے گئے ہیں جبکہ بھاری تعداد میں ان کے فوجی ساز وسامان بھی تباہ کردئے گئے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جنوبی سعودی عرب کے سرحدی علاقوں اور خاص طور پر جیزان کے محاذوں پر یمنی فوج کی برتری پوری طرح سے واضح ہے۔ یمن کا چاروں طرف سے محاصرہ ہونے کے باوجود یمنی فوج کی دفاعی توانائیوں میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے اور سعودی عرب اور اس کے اتحادی ممالک اب تک یمن میں اپنا کوئی بھی مقصد حاصل نہیں کرسکے ہیں۔