حکومت نائیجریا نے آیت اللہ زکزی کے ہندوستان میں علاج کو بھی مشروط کر دیا
Aug ۰۹, ۲۰۱۹ ۱۵:۲۷ Asia/Tehran
حکومت نائیجریا نے اسلامی تحریک کے بانی شیخ ابراہیم زکزکی اور ان کی اہلیہ کے ہندوستان میں علاج کے لیے نئی شرط عائد کر دی ہے۔
صوبہ کادونا کے سیکورٹی کمشنر ساموئل آرووان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت، عدالت کی جانب سے آیت اللہ ابراہیم زکزکی اور ان کی اہلیہ کو علاج کے لیے ہندوستان جانے کی اجازت کو مشروط کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آیت اللہ زکزکی کو علاج کے لیے ہندوستان جانے کی اجازت صرف اسی صورت میں دی جائے گی جب دو افراد اس بات کی ضمانت دیں کہ وہ علاج کے بعد نائیجریا واپس آکر اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کریں گے۔
صوبائی سیکورٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ ہندوستان میں دوران علاج، آیت اللہ ابراہیم زکزکی سے ملاقات کے لیے وقت کا تعین نائیجیریا کی وزارت خارجہ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ نایئجیریا کے سیکورٹی اہلکار ہندوستان میں علاج کے دوران آیت اللہ شیخ زکزکی اور ان کی اہلیہ کے ہمراہ ہوں گے۔
نائیجیریا کی فوج نے دو ہزار پندرہ میں شہر زاریا میں شیخ زکزکی کی رہائشگاہ اور حسینیہ پر حملہ کر دیا تھا جس میں تقریبا ایک ہزار افراد شہید ہو گئے تھے۔
جبکہ نائیجیریا کی فوج نے اسلامی تحریک کے رہنما شیخ زکزکی اور ان کی اہلیہ کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا تھا اور جب سے ہی وہ جیل کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں۔
نائیجیریا کی عدالت نے گزشتہ دنوں شیخ زکزکی اور ان کی اہلیہ کو علاج و معالجے کے لئے ہندوستان بھیجے جانے کی اجازت دے دی ہے۔